Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی فہرست فراہم کرے پھر جواب دے سکیں گے، رانا ثنا اللہ

پی ٹی آئی والے جوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں تو اس کے ٹی او آرز کیا ہوں گے؟ رانا ثنا اللہ
شائع 15 جنوری 2025 12:21pm

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے سیاسی قیدیوں کی فہرست فراہم کریں پھر ہم انہیں بحث کے بعد جواب دیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ کسی بھی جمہوری اور سیایسی نظام میں مذاکرات بنیادی تقاضہ ہوتے ہیں، مذاکرات کے ہم اس وقت بھی حامی تھے جب اپوزیشن میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی تحریری مطالبات پیش کرے گی تو ہم پارٹی اور اتحادیوں کے پاس لے کر جائیں گے، پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر بحث کے بعد ان کو جواب دیں گے۔

اپنے 12 شہدا کا ذکر کیا تھا، مزید 2 زخمی جاں بحق ہو چکے، بیرسٹر گوہر

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے جوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں تو اس کے ٹی او آرز کیا ہوں گے، اس جوڈیشل کمیشن کے اختیارات کیا ہوں گے، وہ رپورٹ کتنی دیر میں پیش کرے گا، اہمیت تو ان چیزوں کی ہے جس پر ابھی کوئی بات نہیں کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹنگ میں ہم نے کہا تھا جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کیا چاہتے ہیں، پھر کیا جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کے لیے بھی آپ کی کیا کوئی شرط ہے یا نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کن لوگوں کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں؟ کیا ان لوگوں کا اسٹیٹس سیاسی قیدی کا ہے یا انہوں نے کوئی اور جرم کیا ہے، یہ ساری چیزیں ایسی ہیں جن کے لیے وقت لگ سکتا ہے۔

مذاکرات ناکام ہوئے تو اُووو والا نہیں، سڑکوں والا احتجاج ہوگا، شیخ وقاص اکرم

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہی مشورہ ہے ان سب چیزوں پر تسلی اور تحمل کے ساتھ بات کریں اور کوشش کریں کہ اتفاق رائے پرپہنچیں۔

Rana Sanaullah

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Government Talks