Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

پاکستان، بنگلہ دیشی عسکری قیادت کا شراکت داری کو بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کا اعادہ

بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں
شائع 14 جنوری 2025 10:42pm

پاکستان اور بنگلہ دیش کی فوجی قیادت نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے پرنسپل اسٹاف آفیسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پرغور کیا گیا جبکہ ملاقات میں دونوں جانب سے مضبوط دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں دونوں برادرممالک کےدرمیان پائیدار شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعےعلاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔

لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

اس سے قبل پاکستان کے دورے پر موجود بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن وفد کے ہمراہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز (جے ایس ایچ کیو) پہنچے، جہاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیشی وفد نے تفصیلی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت میں باہمی اسٹریٹجک دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں جانب سے فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زوردیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باھمی شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں اور مشترکہ وژن کی بنیاد مضبوط دفاعی تعاون ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

ISPR

پاکستان

Bangladesh

Military leadership

Inter Services Public Relations (ISPR)