شیر افضل مروت کا پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس دیے جانے پر ردعمل آگیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شیر افضل مروت کا پارٹی کی طرف سے دیے گئے شوکاز نوٹس کے بعد ردعمل سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اپنا مؤقف عمران خان کے سامنے پیش کروں گا۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پارٹی میں ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اپنے ہی دوست میڈیا پر چڑھائی کریں، میں نے کسی پر وار نہیں کیا لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ میں نے 2018 کے انتخابات میں بہت کم ووٹ لیے تو ایسے لوگوں کو مشورہ ہے کہ پروپیگنڈا کرنے سے قبل تحقیق ضرور کرلیا کریں۔
عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کا اپنے تین مرکزی رہنماؤں کے خلاف کارروائی
عمران خان رمضان کے پہلے یا پھر دوسرے ہفتے میں جیل سے باہر ہوں گے، شیر افضل مروت کا بڑا دعویٰ
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں مجھے پی ٹی آئی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا جس پر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوگیا تھا، پھر جب میں نے الیکشن لڑا تو لکی مروت سے ایک لاکھ 18 ہزار ووٹ لیے، پشاور سے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ سلمان اکرم راجہ کے پارٹی عہدے پر سوال اٹھانے کے بعد پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ سلمان اکرم راجہ پی ٹی آئی کے آئین کے مطابق سیکریٹری جنرل نہیں، ان کی پارٹی میں حیثیت ایک اجنبی کی طرح ہے۔