قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج، ایوان نعروں سے گونجتا رہا
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، ایوان مسلسل نعروں سے گونجتا رہا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ 26 نومبر کو ہمارے 13 کارکن اسنائپرز سے شہید ہوئے لیکن حکومت نے تاحال تحقیقات کے لیے کمیشن نہیں بنایا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن شور شرابا کر کے ایوان کا تقدس پامال کر رہی ہے، ایوان کی کارروائی متاثر کرنا مذاکرات کی راہ میں روڑے اٹکانے کے مترادف ہوگا۔
9 مئی کے ملزمان پر بدترین تشدد کیا گیا، عمر ایوب
اجلاس میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان جو ملٹری کسٹڈی میں تھے، ان پر بدترین تشدد کیا گیا، ان کے ناخن تک نکالے گئے، حکومت فوری طور پر کمیشن بنا کر تحقیق کرے کہ کیا وہ جنگی قیدی تھے جو اتنا ظلم کیا گیا۔
پی ٹی آئی خود مذاکرات کیخلاف ہے، اس ماحول میں کیسے بات چیت ہوسکتی ہے، خواجہ آصف
عمر ایوب نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ سے متعلق جو یونیورسٹی بنائی گئی، اس سے متعلق کیس بنایا گیا، پہلے نواز شریف کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی تحقیقات کرائی جائیں۔
اس دوران سنی اتحاد کونسل ارکان مسلسل ایوان میں احتجاج کرتے رہے اور اووووو،، اوووو کے نعرے لگاتے رہے، اجلاس کے دوران اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی لیکن مطلوبہ تعداد پوری نکلی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمر ایوب کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وقفہ سوالات میں تقاریر نہیں ہونی چاہئیں، یہاں وقفہ سوالات میں غیرضروری تقاریر کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات کی حرمت برقرار رہنی چاہیے، کیا اپوزیشن کے اس رویے پر مذاکرات ہو سکتے ہیں؟ مجھے کہا جاتا ہے کہ میں مذاکرات کا مخالف ہوں لیکن ان کے اس رویے پر کیسے مذاکرات ہونگے، اگر ایوان کو چلانا ہے قوائد کے مطابق چلایا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت یا کسی اور کو ان سے بلیک میل ہونے کی ضرورت نہیں، ان کی نیت ہی نہیں ہے، یہ کچھ دن پہلے کہتے تھے کہ حکومت کے پاس تو مینڈیٹ ہی نہیں، اختیار ہی نہیں ہے، اب یہ کیوں شف شف کر رہے ہیں، جائیں ان سے بات کر لیں جن کے پاس اختیار ہے۔
نیو کلیئر بجلی گھر انتہائی محفوظ اور عالمی معیار کے مطابق ہیں، وزیر دفاع
وزیر دفاع نے کہا کہ کسی ملک کو افغان تنازعہ کی وجہ اتنا نقصان نہیں پہنچا، جتنا پاکستان کو ہوا، 90 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے، ہمارے نیو کلیئر بجلی گھر انتہائی محفوظ اور عالمی معیار کے مطابق ہیں۔
وزارت داخلہ نے بلاک شناختی کارڈز کی تفصیلات پیش کردیں
وزارت داخلہ نے گزشتہ 5 سال میں بلاک کئے گئے شناختی کارڈز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ ایوان نے اسپتال کچرا کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دے دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں وقفہ سوالات میں وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران کل 71 ہزار 849 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔
حکومت اپوزیشن مذاکرات کی تاریخ اور وقت تبدیل، تیسرے دور کا جمعرات سے آغاز
خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 25 ہزار 981 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے، پنجاب میں 13 ہزار سے زائد، سندھ میں 9 ہزار 677 اور بلوچستان میں 20 ہزار 583 شناختی کارڈز، اسلام آباد میں 1370، گلگت بلتستان 228 اور آزاد کشمیر میں 446 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔
اجلاس میں ملک کی داخلی، علاقائی سلامتی کی صورتحال سے متعلق وزیردفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان آج تک افغانستان سے فعال رہنے والی دہشت گرد تنظیموں اور داعش سے مقابلہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان جنگ میں 90 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے، اس جنگ سے پاکستان کو 152 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان کو 450 ارب ڈالر سے زائد کا بلواسطہ نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا پاک افغان سرحدی باڑ کو محفوظ بنانے کے لیے 1300 سرحدی چوکیاں قائم کی گئی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں مسلسل آپریشن کر رہی ہیں۔
وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا کہ ہمارے نیوکلئیر پاور پلانٹ عالمی معیار کے عین مطابق ہیں، کراچی نیو کلئیر پاور پلانٹ میں کبھی ریڈی ایشن سے متعلق آج تک کوئی بیماری سامنے نہیں آئی، نیوکلیئر پاور پلانٹ کے 80 فیصد چھوٹے ملازمین کا تعلق سندھ سے ہے۔
لگتا ہے 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کہیں اور لکھا جا رہا ہے، پی ٹی آئی قیادت
انہوں نے بتایا کہ اسپتال ویسٹ سب سے خطرناک کچرا ہے، پرانی سرنجیں اسپتال ویسٹ سے نکال کر استعمال ہوتی ہیں، یہ کام پاکستان کے ہر شہر میں ہو رہا ہے، ویسٹ منیجمنٹ بڑا معاملہ ہے، اس پر اسپیشل کمیٹی بنائی جائے، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس پر کمیٹی بناتے ہیں۔
منافقت کی سیاست نہیں چلے گی، وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج اس ہاﺅس میں ہنگامہ برپا کیا گیا، منافقت کی سیاست نہیں چلے گی، عمرایوب کو اداروں کی کردار کشی پر شرم آنی چاہیے، اداروں پر حملہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، کرم میں لاشیں پڑی تھیں اور یہ اسلام آباد پر دھاوا بول رہے تھے، ملک سے باہر بیٹھے پی ٹی آئی کے لوگ سوشل میڈیا پر جھوٹ بول رہے ہیں۔
ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھیں، اعظم نذیر تارڑ
قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایف آئی اے میں کچھ کالی بھیڑیں تھیں جو لوگ انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھے، ان کو برخاست کیا گیا، سزاؤں کو سخت بنایا گیا اور جرمانوں میں کئی گناہ اضافہ کیا ہے ۔
توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اس کے بہت سارے فیکٹر ہیں، 2023 میں 2618 کیسز رجسٹرڈ، 1704 گرفتاریاں ہوئیں، 2024 میں 3456 کیسز رجسٹرڈ ہوئے 1638 گرفتاریاں ہوئیں، سیکڑوں کی تعداد میں سزائیں بھی ہوئیں، اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجداری قوانین میں ترامیم تیار کی ہیں، ایف آئی اے میں کچھ کالی بھیڑیں تھیں جن کو ملازمت سے برخاست کیا گیا، جو لوگ انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھے ان کو فارغ کر دیا گیا جبکہ سزاؤں کو مزید سخت بنانے کے ساتھ جرمانوں میں بھی کئی گناہ اضافہ کیا ہے۔
امریکا میں ہولناک آگ اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مشترکہ قرارداد منظور
قومی اسمبلی اجلاس میں امریکی شہر لاس اینجلس میں لگنے والی ہولناک آگ اور واقعہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد منظورکی گئی، قرارداد پر 13سے زائد ارکان نے دستخط کیے۔
اجلاس میں امریکی شہرلاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ میں درجنوں افراد کے جاں بحق، ہزاروں کے متاثر ہونے پر ان سے اظہار ہمدردی کی قراداد منظورکی گئی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، عالمی ادارے امداد کیلئے آگے آئیں اور متاثرہ لوگوں کی مدد کریں، قرار داد پیپلز پارٹی کے نوید انور جیوا نے پیش کی، سید علی موسیٰ گیلانی، مرزا افتخار بیگ، رمیش کمار، میر غلام علی تالپور سمیت دیگر نے قرار داد کی حمایت کی۔