آرمی چیف کا ملک میں امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک میں امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری طاقت سے جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور وہ بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے، برائی کی قوتوں کے خلاف متحد ہیں، سیکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو ملک میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی شریک تھے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قرار دیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور ان کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہم سب اس فتنے کے خلاف متحد ہیں، ہمیں سیکیورٹی فورسز کی بے مثال کامیابیوں پر بے حد فخر ہے، ان کی لگن، حوصلے اور بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں اپنی سرحدوں کے اندر اور اس سے باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کا خاتمہ یقینی بنارہے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے انتھک محنت سے دہشت گردوں کے سرکردہ لیڈروں کا تعاقب کرکے ان کا خاتمہ یقینی بنایا ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گرد تنظیموں کے بنیادی ڈھانچے ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنارہی ہیں، یہ اس فتنے کے لیے واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انشاء اللہ۔
آرمی چیف نے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے، متعدد حملوں کو بروقت ناکام بنانے سمیت امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
پاک فوج کے سربراہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر آپریشن سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور وہ بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے، حتی کہ ان کی نقصان پہنچانے کی صلاحیت ختم کردی جائے گی۔
جنرل عاصم منیر نے سیکیورٹی اہلکاروں کے غیر معمولی حوصلے کی بھی تعریف کی، جو قوم کی خودمختاری کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہتے ہیں۔
آرمی چیف نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے سیاستدانوں سے الگ الگ بات چیت بھی کی۔
شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف ایک سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔
سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف قوم کی لڑائی میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت پر واضح مؤقف اپناتے ہوئے دہشت گرد گروپوں کے انتہا پسندانہ فلسفے کے خلاف ایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔