Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
13 Rajab 1446  

لگتا ہے 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کہیں اور لکھا جا رہا ہے، پی ٹی آئی قیادت

شک ہے القادر کیس کا فیصلہ بڑی عدالتوں میں حکومتی ججز کے آنے تک مؤخر رکھا جائے گا، پی ٹی آئی
شائع 13 جنوری 2025 08:16pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر کیس کا فیصلہ بڑی عدالتوں میں حکومت کی مرضی کے ججز کے آنے تک مؤخر رکھا جائے گا، 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ابھی آیا نہیں حکومت کیسے قبل از وقت قیاس آرائیاں کر رہی ہے، لگتا ہے فیصلہ کہیں اور لکھا جا رہا ہے، فارم 47 والی حکومت اپنی کرپشن چھپا رہی ہے۔

عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پارلیمنٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور علی محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی سے 3 مطالبات ہیں نہ ڈیل نہ ڈھیل، 26 نومبر کا جوڈیشل کمیشن اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ 26 نومبر کو اپنے ہی شہریوں کے اوپر اسنائپر سے فائرنگ کی گئی، جس سے ہمارے بہت سے لوگ زخمی ہوئے، وہ اسلحہ استعمال کیا گیا جو نیٹو نے دہشتگردی کی جنگ لڑنے کے لیے پاکستان کو دیا تھا، جو لوگ زخمی ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آرز بھی کاٹی گئیں اور جولوگ اپستالوں میں گئے، ڈر کے مارے انہوں نے رپورٹ بھی نہیں کیا، جو لوگ ہمارے شہید ہوئے ان کی میتیں ہم نے اٹھائیں اور ان کی تدفین بھی کی، کچھ لوگ ہمارے لاپتا ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بتائے کہ لاپتا افراد کہاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو ہمارے ساتھی ملٹری کورٹس کی حراست میں تھے، ان پر تشدد کیا گیا، جس سے کئی لوگ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، قانون اس کی اجازت نہیں دیتا کہ آپ نہتے شہریوں کو ملٹری کورٹس میں ٹرائل کریں، سپریم کورٹ میں آج اہم نکتہ اٹھایا گیا کہ 1999 میں جن لوگوں نے جہاز ڈائیورٹ کیا تھا، کیا ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا تھا یا پھر وہ انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوا تھا۔

عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی ساری زندگی پاکستانی عوام کی خدمت میں لگائی، شوکت خانم اسپتال ایک نہیں متعدد بنائے، اس اسپتال میں غریب لوگوں کو مفت علاج کیا گیا اس کے باوجود کہ وہ پرائیویٹ ادارہ ہے، عمران خان نے میانوالی میں جدید ترین یونیورسٹی (نمل) بنائی، انہوں نے القادر یونیورسٹی بھی بنائی جہاں سیرت نبی ﷺ کے کورسز پڑھائے جارہے ہیں، حکومت کو شرم نہیں آتی کہ یہ خود تو کچھ نہیں کرسکتے اور ملبہ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس کے حوالے سے حکومت لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ فیصلہ آنے والا ہے، ان کو کیا پتہ کہ کیا فیصلے آئے گا، اس کا مطلب ہے کہ ڈرافٹنگ کہیں پہ ہورہی ہے ہا ہوگئی ہے اور ان کو فیصلہ دیا گیا ہے، اس کی ہم مذمت کرتے ہیں، یہ کینگرو عدالت ہے، ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی ہے، اس کے ساتھ ایک پاکستانی بزنس مین نے ڈیل کی کہ یہ پیسہ بزنس آف کرائم نہیں ہے، یہ پیسہ واپس پاکستان جانا چاہیے، وہ پیسہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آیا، سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ سے وہ پیسہ سرکار کے اکاؤنٹ میں گیا، اس پیسے کا بشریٰ بی بی اور عمران خان سے کیا لینا دینا، ایک پیسے کا ان سے کوئی تعلق نہیں، القادر کی گراؤنڈ بریکنگ 2019 میں ہوئی اور اس کے ایک سال بعد این سی اے کا کیس آیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ون ہائٹ پارک 190 ملین پاؤنڈ میں بیچا گیا، بیچنے والی پارٹی حسن نواز تھا، ان سے پوچھا جائے کہ ان کے پاس یہ رقم آئی کہاں سے آئی کہ انہوں نے پہلے وہ پراپرٹی خریدی، پھر بعد میں بیچی۔

اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہم مذاکراتی کمیٹی کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہم نہ تھکے ہیں نہ پیچھے ہٹیں گے،ہم پاکستان کی خاطر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، مذاکراتی کمیٹی میں ہم نے محدود مطالبات رکھے تاکہ مزاکرات کا عمل جاری رہے،تحریک تحفظ آئین پاکستان بہت جلد شروع کررہے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آج قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا ہے، جوڈیشل کمیشن کے بننے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا، ایک آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے جو سب کو قابل قبول ہو، ہمارا دعویٰ ہے کہ 9 مئی انہوں نے کیا ہے، ہمارا دعویٰ ہے کہ 26 نومبر کو انہوں نے گولی چلائی، گولی کیوں چلائی، اس کی تحقیقات کی جائیں۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونا کسی ڈیل کا حصہ نہیں، بیرسٹر گوہر

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت سے مذاکرات میں سنجیدہ ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، ہم نے اپوزیشن کا اتحاد قائم کیا ہے اس کا بھی بنیادی مقصد ملک میں آئین کی حکمرانی ہے، وہ پارلیمنٹ جو عوام کی منتخب ہو، اس کے پاس اختیار ہو اور ملک کی عدلیہ آزاد ہو۔

پی ٹی آئی خود مذاکرات کیخلاف ہے، اس ماحول میں کیسے بات چیت ہوسکتی ہے، خواجہ آصف

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم صرف یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ کیوں مؤخر کیا گیا ہے، ہم سمجتھے ہیں کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش اور منصوبہ ہے، یہ اس فیصلے کو اس لیے مؤخر کررہے ہیں کہ یہ اعلیٰ عدالتوں میں بھی اپنے من پسند ججز کے آنے کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہاں بھی اس کیس کے فیصلے کو جاری رکھ سکیں، یہ میرا شک ہے کہ کسی طرح عمران خان کو زیادہ سے زیادہ جیل میں رکھا جائے۔

علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا خواجہ آصف کے پاس ہر بات پر بات کرنے کے لیے وقت ہے، صرف ہمارے سوال کا جواب دینے کا وقت نہیں، ڈی چوک سے عمران عباسی کی لاش کیوں آئی، گولی زدہ لاشوں کو ان کے بچوں نے دیکھا، انیس ستی آزادی کے نعرے سے گھر سے آئے شہید ہو کر واپس گئے، کیا ہمارے ورکر بارڈر پر گئے تھے یا ڈی چوک پر۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا کی نہ صرف جان گئی بلکہ مان بھی ٹوٹا، پہلے اللہ کے بعد ایک عدالت ہوتی تھی جسے سپریم کورٹ کہتے ہیں، 26 وین آئینی ترمیم کےبعد ہمارے حق بھی سلب ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان باہر سے لوٹا پیسہ واپس لانا چاہتے تھے، بانی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں ایک پیسہ بھی نہیں، عمران خان کو مفت تعلیم کا مرکز بنانے کی سزا دی جا رہی ہے۔

Omar ayub

اسلام آباد

Omar Ayub Khan

Asad Qaiser

speaker national assembly

umar ayub

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Omer Ayub

PTI Government Talks

pti talks

muhammad ali khan