Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
13 Rajab 1446  

دشمن کی حکومت ہو تب بھی نہیں کہوں گی باہر نکلو اور آگ لگادو، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کا مستحق افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے اسکیم لانے کا اعلان
شائع 13 جنوری 2025 06:15pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دشمن کی حکومت ہو تب بھی میں ملک کے خلاف نہیں سوچوں گی کیوں کہ کوئی پاسبان اپنے ملک پر حملہ نہیں کرسکتا، میں کبھی نہیں کہوں گی کہ باہر نکلو اور آگ لگادو، نوجوان کبھی کسی کی باتوں میں نہ آئیں اور اپنے ملک کی حفاظت کریں۔

بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار طلبہ میں چیک تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، وزیرتعلیم پنجاب محنت سے کام کررہے ہیں، ہر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے ماں اور بچے کا نہیں، میرے پاس جو بھی ہے وہ آپ کی امانت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپس ہونہار طلبہ کا حق تھا جو انہیں ملا ہے، یہ اسکالر شپ میں نے آپ کو نہیں دی، یہ اسکالر شپ آپ کی محنت کا ثمر ہے، طلبہ نے اسکالرشپس اپنی محنت اور اہلیت سے حاصل کی ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالر شپ پروگرام ہے۔

چاہے کچھ بھی ہوجائے ملک کے خلاف نہیں جانا، مریم نواز کی طلبہ کو نصیحت

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں 30 ہزار اسکالر شپس دی جارہی ہیں، کوئی اسکالر شپ میرٹ کے بغیر نہیں دیا گیا،خوشی ہے 60 فیصد اسکالر شپ لڑکیوں نے حاصل کی ہے، اسکالر شپ پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آگ لگانے والا پاسبان نہیں ہوسکتا، کوئی پاسبان اپنے ہی ملک پر حملہ آور نہیں ہوسکتا، ملک کا تحفظ کرنے والوں پر حملہ آور ہونے والا پاسبان نہیں ہوتا، کوئی پاسبان سیاسی بہکاوے میں آکر اپنی ہی املاک کو آگ نہیں لگا سکتا، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد پر اکسانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہوتے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، 2018 میں ترقی کرتے پاکستان کا راستہ روکا گیا،میں کبھی نہیں کہوں گی کہ باہر نکلو اور آگ لگادو، نوجوان کبھی کسی کی باتوں میں نہ آئیں اور اپنے ملک کی حفاظت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور دہشت گردی کاخاتمہ نوازشریف کا کریڈٹ ہے، نوجوان باشعور ہیں، سوچیں کہ دہشت گردی نے دوبارہ سر کیوں اٹھایا؟

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ہماری توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز ہے، ہم لشکر کشی کی بجائے خدمت کی سیاست پرتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، صوبے میں آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی کو برقراررکھا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پگڑیاں اچھالنے کا بیانیہ وہ بناتے ہیں جو کچھ کرنے کے اہل نہیں، طلب علموں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل جلد شروع کریں گے، ماحول دوست الیکٹرک بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے۔

مریم نواز کا مستحق افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے اسکیم لانے کا اعلان

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مستحق اور نادار افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کے لئے اسکیم لانے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز / مسکن راوی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں نے مسکن راوی کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔

طلبہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں، مریم نواز

وزیر اعلیٰ نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں، انہوں نے زہرہ ہومز، مسکن راوی کے معیار اور سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا، مریم نواز کو زہرہ ہومز / مسکن راوی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ کالا خطائی روڈ، لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے، زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے-

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوجوانوں کو روزگار کیلئے قرض دینے کا اعلان

بریفنگ کے مطابق زہرہ ہومز کو ترین ای پی ایس سمارٹ پینل ٹیکنالوجی سے زلزلے سے محفوظ، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طورپرپائیدار بنایا گیا، مسکنِ راوی کا ہر گھر 5 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے چلایا جائے گا، کمیونٹی میں صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ، ایک اسکول، کھیل کے میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں دی گئی ہیں-

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسکنِ راوی ہاؤسنگ اسکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے، تقریب میں صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔

cm punjab

Maryam Nawaz

bahawalpur

CM Punjab Maryam Nawaz