انوکھی واردات: چور ہوٹل سے پکوڑے، مچھلی، رائتہ اور سلاد لے اڑے
گوجرانوالہ میں چوری کی انوکھی واردات ، چور ریسٹورنٹ سے ڈیڑھ من چکن کے پکوڑے اور 25 کلو مچھلی لے اڑے۔
چور یا ڈکیت بنیادی طور پر رقم زیورات اور قیمتی اشیا لوٹتے یا چوری کرتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسی انوکھی وارداتیں سامنے آتیں ہیں جو سب کو حیران کر دیتی ہیں۔
ایسی ہی ایک انوکھی واردات گوجرانوالہ میں ہوئی ہے جہاں کوٹ اسحاق کے علاقے میں واقع ریسٹورینٹ میں چور رات کی تاریکی میں داخل ہوئے اور رقم کے بجائے چکن پکوڑے، مچھلی، رائتہ اور سلاد چوری کر کے فرار ہو گئے۔
ریسٹورینٹ کے مالک نے جب رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرائی تو پولیس بھی چوری شدہ سامان جان کر حیران رہ گئی۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم چور ریسٹورینٹ کے تالے توڑ کر فریزر سے ڈیڑھ من چکن کے پکوڑے، 25 کلو مچھلی، 10 کلو رائتہ اور 4 کلو سلاد لے کر فرار ہو گئے۔
ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس نے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی ملزمان قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں ہی ایک اور دلچسپ ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔ اس واردات میں دو مسلح ڈاکو بزور اسلحہ دکان سے صرف ٹافیوں کے دو پیکٹ لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔