Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
12 Rajab 1446  

پیرس کیلئے پی آئی اے پروازوں کا اشتہار تنقید کی زد میں کیوں؟

ساڑھے 4 سال کے عرصے کے بعد پی آئی اے کی پرواز پیرس پہنچی تھی
شائع 12 جنوری 2025 05:42pm

قومی ایئر لائنز پی آئی اے ایک متنازع اشتہار کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئی ہے.

ساڑھے 4 سال کے طویل عرصے بعد جب پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پروازوں پر یورپ میں عائد پابندی ہٹائی گئی تو یہ ایک خوش کن لمحہ تھا لیکن پیرس کے لیے پروازوں کی بحالی کا تصویری اعلان ایک نیا تنازع کھڑا کر گیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اس نے پابندی ہٹائے جانے کے بعد یورپ کے لئے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ اس تناظر میں پی آئی اے نے پیرس کیلئے ایک پرواز کا اشتہار جاری کیا تھا جس نے ایک نئے تنازع کو جنم دیا ہے۔

پی آئی اے کی پیرس کیلئے براہ راست پروازیں بحال، پہلی پرواز کی تاریخ؟

اس ضمن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے ایک گرافک پوسٹ جاری کی گئی جس میں پیرس کی پہچان مشہورِ زمانہ ایفل ٹاور کے ساتھ پی آئی اے کا جہاز اور پسِ منظر میں فرانس کا جھنڈا دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ اشتہار بنواتے اور اسے پوسٹ کرتے ہوئے پی آئی اے انتظامیہ نے سوچا نہیں ہو گا کہ یہ اتنا وائرل ہو سکتا ہے۔

دراصل اس تصویر کا مقصد تو خوشخبری دینا تھا کہ پاکستان کی قومی ائیرلائن کی پروازیں فرانس کے لیے بحال ہوگئی ہیں لیکن اس تصویر پر لوگ اس اندیشے کا اظہار کرتے نظر آئے کہ یہ خوشخبری ہے یا کسی سانحے کی پیشگی اطلاع؟

پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد سے پیرس کیلئے روانہ، خواجہ آصف کی پچھلی حکومت پر تنقی

اس تصویر میں پی آئی کے طیارے کو ایفل ٹاور کے بالکل سامنے دکھایا گیا ہے اور اس کے ساتھ لکھا ہے ”پیرس ہم آج آ رہے ہیں“ جسے دیکھ کر بظاہر یہ گمان ہوتا ہے کہ طیارہ ایفل ٹاور سے ٹکرانے والا ہے۔

اصل میں اس گرافک پوسٹ پر امریکا کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹوئن ٹاور پر 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کے تناظر میں تنقید کی جارہی ہے۔

9/11 کے بعد نیویارک کی پروازوں کے لیے پی آئی اے کا ہی ایک پرانا اخباری اشتہار سامنے آیا تھا جس میں ٹوئن ٹاور پر جہاز کا عکس دیکھا گیا تھا۔

پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز ڈھائی گھنٹے قبل روانہ

تنقید کرنے والوں میں صرف پاکستانی ہی نہیں دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے گرافک ڈیزائنر کو نوکری سے فارغ کرنے یہاں تک کہ جیل بھیجنے کا مطالبہ بھی کر ڈالا۔

تو کچھ نے شبہ ظاہر کیا کہ اس طرح کا گرافک بنانا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہوسکتا ہے تا کہ اشتہار وائرل ہوسکے۔

یاد رہے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپی یونین کی جانب سے ایئر لائن پرعائد پابندیاں ہٹنے کے بعد اسلام آباد سے پیرس فلائٹ آپریشن 10 جنوری 2025 سے دوبارہ شروع کیا ہے۔

PIA Flight

PARIS

Social media trolls