Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
11 Rajab 1446  

دنیا کے غریب ترین صدر نے کینسر کے سامنے ہتھیار ڈال دیے

خوسے ایک چھوٹے سے فارم پر معمولی گھر میں اپنی بیوی اور کتیا کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں
شائع 11 جنوری 2025 06:07pm

دنیا کے غریب ترین سربراہ کا خطاب پانے والے یوراگوائے کے سابق صدر خوسے موخیکا کا کہنا ہے کہ سرطان کا مرض ان کے جسم میں پھیل کر جگر تک پہنچ چکا ہے جس کے سبب اب وہ اس بیماری کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔

یوراگوائے میں ہر جمعرات کو شائع ہونے والے جریدے کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں خوسے نے کہا کہ ”میری زندگی کا دورانیہ ختم ہو چکا ہے۔ میں اب مر رہا ہوں اور جنگجو کو آرام کا حق ہے“۔چار ماہ بعد خوسے کی عمر 90 برس ہو جائے گی۔

یوراگوائے کو لاطینی امریکا کا سوئٹزرلینڈ کہا جاتا ہے۔ یہ بات معروف رہی ہے کہ خوسے نے منتخب ہونے کے بعد صدارتی محل میں قیام سے انکار کر دیا تھا۔

خوسے 2010 سے 2015 تک ملک کے صدررہے ، خوسے اپنی تنخواہ (4 ہزار ڈالر) کا 90% حصہ خیراتی انجمنوں کو عطیہ کر دیتے تھے۔ وہ اپنی مدت صدارت کے دوران میں ایک چھوٹے سے فارم پر انتہائی معمولی گھر میں اپنی بیوی اور اپنی کتیا کے ساتھ رہے۔

وہ 1987 ماڈل کی واکس ویگن گاڑی میں صدارتی محل جایا کرتے تھے۔ نومبر 2014 میں ایک ”دولت مند عرب“ نے یہ گاڑی خریدنے کے لیے خوسے کو دس لاکھ ڈالر کی پیش کش کی۔ تاہم خوسے نے اسے فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں اس وقت تک یہ گاڑی گھر کے گیراج میں ہی رہے گے۔ جہاں تک خوسے کی بیماری کا تعلق ہے تو ان کی کیموتھراپی کے 32 سیشن ہو چکے ہیں۔ ان کی رسولی غائب ہو گئی تھی تاہم دو ماہ قبل وہ دوبارہ لوٹ آئی اور جگر کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

دنیا کے اس غریب ترین صدر نے باور کرایا کہ وہ مزید انٹرویوز نہیں دیں گے اور آئندہ کہیں بھی علانیہ نمودار نہیں ہوں گے۔

جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں خوسے نے اس آرزو کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فارم پر مرنا چاہتے ہیں اور یہ کہ ان کی آخری آرام گاہ فارم ہاؤس کی مٹی کے نیچے ان کی کتیا مانویلا کے پہلو میں ہو۔

Cancer

Uruguayan President

Mujica