Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

لاہور ہائیکورٹ کا ملتان شہر میں بڑی تبدیلی کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے 15 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا
شائع 11 جنوری 2025 11:46am

لاہور ہائیکورٹ نے ملتان شہر کو گرین سٹی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے 15 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملتان کو گرین سٹی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

جسٹس جواد حسن نے طاہر جمال کی درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے 2020 میں جاری کردہ ایک آرڈر پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی تھی، آرڈر میں عوام کیلئے بنیادی سہولیات، ایم تھری موٹروے پر شجرکاری کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملتان شہر کی ہریالی میں اضافے کے لیے جامع فریم ورک تشکیل دیا جائے، ملتان کو موٹروے ایم تھری کے ساتھ ایک گرین سٹی میں تبدیل کریں۔

عدالت نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں میں ترجمان مقرر کیے جائیں، اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز لی جائیں، تمام متعلقہ حکام ہر ماہ ماہانہ کارکردگی رپورٹس عدالت میں جمع کروائیں، رپورٹس ملتان میں ائیر کوالٹی کی بہتری، شجرکاری، ماحولیاتی حکمت عملی کے بارے میں ہوں گی۔

عدالت نے تجویز دی کہ بگڑتی ماحولیاتی صورتحال اور ائیر کوالٹی کے حل کے لیے طویل مدتی پالیسی لانا ہوگی، ملتان میں بڑھتے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے کی گئی کوششیں ناکافی ہیں۔

عدالت نے کیس کو ہر ماہ کی پہلی منگل کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے حکومت پنجاب، سرکاری افسران کی ماحولیات کے حوالے سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نجی ہاؤسنگ سکیمز میں ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 10 ہزار 560 درخت لگائے گئے۔

Multan

Lahore High Court