Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

شاہد خاقان عباسی کی جماعت ’عوام پاکستان پارٹی‘ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ

شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر اور مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل ہوں گے، نوٹیفکیشن
شائع 10 جنوری 2025 04:48pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جماعت ’عوام پاکستان پارٹی‘ کو رجسٹر کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان کے کنوینئر ہوں گے جبکہ مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان کے انٹراپارٹی الیکشنز بھی تسلیم کرلیے، عوام پاکستان نے 26 جون کو انٹرا پارٹی الیکشنز کی تفصیلات جمع کرائیں تھی۔

خیال رہے کہ عوام پاکستان پارٹی کے بعد الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔

نئی پارٹی کی رجسٹریشن کب ہوگی اور رہنماؤں میں کون کون شامل ہوں گے، مفتاح اسماعیل نے بتادیا

واضح رہے کہ یکم فروری 2023 کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کو ’اوپن فیلڈ‘ ملنی چاہیئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ میں نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ جب مریم نواز چیف آرگنائزر بنی تو پارٹی کے صدر شہباز شریف کو دے دیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پارٹی کا عہدہ دوبارہ قبول نہیں کروں گا، پارٹی نے بے پناہ عزت دی ہے، لاہور سے انتخاب کے لیے میاں صاحب نے خاص طور پر اس کا بندوبست کیا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میرا گھر ہے، 35 سال سے اس جماعت میں ہوں، اس جماعت نے مجھے ملک کی اولین پوزیشن پر پہنچایا اور اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔

Shahid Khaqan Abbasi

ECP

اسلام آباد

Awam Pakistan Party