توشہ خانہ ٹو کیس: بشری بی بی کی عدم پیشی پر عدالت کا اظہار برہمی
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران بشری بی بی اورانکے وکیل کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم جلد بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالیں گے۔
اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی اور ریمارکس دیے کہ بشری بی بی کے وکیل آئندہ سماعت پرپیش نہ ہوئے توتادیبی کارروائی کرکے حق جرح ختم کردین گے، مزید ایک گاہ پر جرح مکمل کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کوعدالت میں پیش کیا گیا۔ علیمہ خان عظمی خان اور وکلاء عدالت میں پیش ہوئیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے چوتھے گواہ پرجرح مکمل کی۔ آئندہ سماعت پر مزید دو گواہ پیش ہوں گے۔ عدالت نے سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا علیمہ خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ہائیکورٹ جائے گا اور یہ کیس ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی باقی کیسز سے بھی باہر آ جائیں گے، اور قوم نے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈیڑھ سال جیل میں رہ کر مقدمات کا سامنا کیا۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ بانی ڈیل کے تحت نہیں بلکہ سرخرو ہو کر جیل سے نکلیں گے۔
علیمہ خان نے طنزیہ انداز میں کہا “یہ بھی ممکن ہے کہ انہیں فیصلہ لکھنے میں مشکلات پیش آ رہی ہوں، 250 بچوں کو مفت تعلیم دینا بانی پی ٹی آئی کا جرم ہے۔
انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا، جس کی وجہ سے ہم پیدل اندر گئے۔
علیمہ خان نے مزید وضاحت کی کہ پی ٹی آئی اٹھ فروری سے کسی کے قبضے میں نہیں ہے اور بانی پی ٹی آئی جیل سے پارٹی کو چلا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہم جلد بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالیں گے، اور رانا ثنا اللہ کو اس معاملے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔