Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

پاکستان میں اسٹار لنک کا انٹرنیٹ، ماہانہ فیس کیا ہوگی؟

ایشیا کے ممالک میں بھارت، چائنہ، روس، ایران اور نورتھ کوریا جیسے ممالک میں اسٹارلنک ابھی تک دستیاب نہیں ہے
اپ ڈیٹ 09 جنوری 2025 03:31pm

پاکستان میں اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کا ابھی تک باضابطہ آغاز نہیں ہوا لیکن ممکنہ قیمتوں کے بارے میں اندازے لگا لیے گئے ہیں۔

اگر اسٹار لنک پاکستان میں لانچ ہوتا ہے تو اس کے مختلف پیکجز کی تفصیلات کچھ یوں ہو سکتی ہیں:

گھریلو پیکج

اس پیکج میں 50 سے 250 ایم بی پی ایس کی رفتار مل سکتی ہے۔ ماہانہ چارجز تقریباً 35 ہزار روپے ہوں گے جبکہ ایک بار کا ہارڈویئر چارج ایک لاکھ دس ہزار روپے ہوگا۔

بزنس پیکج

یہ پیکج خاص طور پر کاروباری افراد کے لیے ہے، جس میں رفتار 100 سے 500 ایم بی پی ایس ہوگی۔ ماہانہ چارجز 95 ہزار روپے اور ہارڈویئر کے لیے ایک بار کا خرچ 2 لاکھ بیس ہزار روپے ہوسکتا ہے۔

موبلٹی پیکج

موبلٹی پیکج میں رفتار 50 سے 250 ایم بی پی ایس تک ہوگی۔ اس کے لیے ماہانہ چارجز50 ہزار روپے اور ہارڈویئر کے لیے ایک لاکھ بیس ہزار روپے دینے پڑیں گے۔

دنیا بھر میں اسٹار لنک کی قیمتیں دیکھی جائیں تو امریکہ میں اسٹار لنک کے پیکجز کی قیمت تقریباً 110 ڈالر ماہانہ اور ہارڈویئر 599 ڈالر میں دستیاب ہے۔ برطانیہ میں ماہانہ 89 پاؤنڈ اور ہارڈویئر 499 پاؤنڈ، آسٹریلیا میں یہ سروس 139 آسٹریلوی ڈالر ماہانہ اور ہارڈویئر 700 آسٹریلوی ڈالر میں دستیاب ہے۔

اسٹار لنک اس وقت دنیا کے 40 ممالک میں دستیاب ہے اور آنے والے سالوں میں موبائل فون سروس شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ اسٹار لنک کا آغاز واشنگٹن میں ہوا اور اب بھی یہیں اسپیس ایکس کا ہیڈکوارٹر ہے۔

امریکہ، پورٹو ریکو، اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں اسٹار لنک موجود ہے۔ کینیڈا اور یورپ کے کئی ممالک جیسے فرانس، برطانیہ، اور جرمنی میں بھی دستیاب ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی لوگ اس سروس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

گزشتہ سال اسٹار لنک نے مزید ممالک کو اپنی سروس میں شامل کیا، جن میں نیدرلینڈز، آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، پرتگال، اٹلی، سویڈن، بالٹک کے تمام ممالک اور جنوبی امریکہ کے کئی ممالک شامل ہیں۔

اسٹار لنک کو اس وقت بڑی توجہ ملی جب یوکرین نے ایلون مسک سے درخواست کی کہ وہ ان کے لیے اسٹار لنک سروس کو فعال کریں۔ روس کے حملے کی وجہ سے یوکرین کے کئی بنیادی نظام بند ہوگئے، جن میں روایتی انٹرنیٹ بھی شامل تھا۔ ایلون مسک نے فوری طور پر اسٹار لنک کو یوکرین میں فعال کیا اور کئی سیٹلائٹس اس مقصد کے لیے مختص کیے، تاکہ وہاں کے لوگ اور فوج قابلِ بھروسہ انٹرنیٹ استعمال کر سکیں۔ اگرچہ کچھ خدشات تھے کہ اسپیس ایکس اس سروس کو جاری نہیں رکھ سکے گی، لیکن عوامی دباؤ اور وسائل کی تقسیم نے اس سروس کو فعال رکھا۔ آج بھی یوکرین کے لوگ اسٹار لنک کے ذریعے تیز اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ سے جڑے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کے ممالک جیسے بھارت، چائنہ، روس، ایران اور نورتھ کوریا جیسے ممالک میں اسٹارلنک ابھی تک دستیاب نہیں ہے۔

پاکستان

Elon Musk

Internet Service

Internet Speed