Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

وزیر اعظم شہباز شریف نے ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا

یہ کامیابی پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر تھی، نیا نظام معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، شہباز شریف
شائع 08 جنوری 2025 07:32pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی بندرگاہ پر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ ماضی کے بوسیدہ نظام نے دہائیوں وسائل کو لوٹا ہے، یہ کامیابی پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر تھی، نیا نظام معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کراچی میں فیس لیس کسٹمر اسسمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز اور ایف بی آر کے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسٹمز اور ایف بی آر نے 77 سالہ ملکی تاریخ کی سب سے اہم کامیابی حاصل کی ہے جس کا قوم کو بہت عرصے سے انتظار تھا، اس کا ہونا ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر امر تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسٹم میں جدید نظام متعارف کرانا کامیابی ہے، ایف بی آر، کراچی پورٹ کے افسران کی خدمات قابل ستائش ہیں، جدید خود کار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی۔

شہباز شریف نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم نے جو فیس لیس انٹریکشن دیکھا ہے، اس سسٹم پر امپورٹر کا نام اور پتہ بھی آتا ہے، کسٹمز اور کراچی بندرگاہ پر جو درجہ بدرجہ انسپیکٹرز ہیں، ابھی ہم نے ایک، دو افسران سے چبتے ہوئے سوالات پوچھے، انہوں نے بہت مناسب جوابات دیا کہ ایک کھیپ 10 منٹ میں ہوجاتی ہے اور اگر ایک سے زیادہ کھیپ ہوں تو 15 سے 20 منٹ لگ جاتے ہیں۔

معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کراچی پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں متوقع

انہوں نے کہا کہ جدید خود کار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی، یہ نظام نوزائیدہ ہے، اس کو شروع ہوئے اگرچہ 3 ہفتے ہوئے ہیں تاہم اس 3 ہفتے میں وقت 107 گھنٹوں سے کم ہوکر 19 گھنٹے پہ آگیا ہے، کم وقت میں زیادہ کام ہورہا ہے، فیس لیس سسٹم سے 88 فیصد درآمد کنند گان مطمئن ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس نظام سے ملک کے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا، جب سے حکومت آئی ہے ہم نے اصلاحات پر توجہ دی ہے، جی ڈی پی کے تناسب سے محصولات کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے۔

karachi

PM Shehbaz Sharif

Customs Clearance

Faceless Customs Assessment System