خیبر پختونخوا میں خصوصی افرادکی مالی مددکیلئے پروگرام کا اجرا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خصوصی افراد کی مالی مدد کے لیے پروگرام کا اجرا کردیا، صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے بڑا اقدام اٹھالیا، وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں وزیراعلیٰ نے مالی امداد کے چیکس تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرکاری کاغذات میں معذور کا لفظ لکھنے کی ممانعت ہوگی، ان افراد کے لئے خصوصی افراد کا لفظ لکھا جائے۔
علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ اشتہاری قرار
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد منفرد صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقوں کی سرپرستی ریاست کی ذمہ داری ہے، جسے پورا کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبے میں تھانہ کلچر کا خاتمہ کرکے عوام دوست ماحول بنایا جائے گا، حکومت تمام شعبوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور پشاور کے تھانہ شرقی میں پولیس سہولت مرکز کی افتتاح کرتے ہوئے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سہولت مرکز کے قیام سے تمام تر ضروری پولیس سروسز کی ایک ہی چھت تلے فراہمی یقینی ہوگی، جن میں پولیس کلیئرنس، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ، فارن رجسٹریشن، ملازمین اور ڈومیسائل ویریفکیشن ، گمشدگی اور چوری کی رپورٹ ، کرایہ داروں کا معلوماتی فارم، ٹریفک انفارمیشن اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تھانوں کا کلچر کو ایسا بنائیں گے کہ وہاں پر عوام کو مکمل تحفظ کا احساس ہو، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس کی تمام ضروریات جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لرنر، پولیس ویلفیئر میں ایڈمشن، ٹینڈر انفارمیشن، پولیس میں بھرتی، وکٹم سپورٹ اورلیگل ایڈوائس جیسی اہم سہولیات بھی سہولت مرکز میں دستیاب ہوں گی، پولیس سہولت مرکز مختلف خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا ایک اینٹگریٹڈ اور آن لائن نظام ہے۔
اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو پولیس سہولت مرکز میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے بریفنگ دی گئی۔
گنڈاپور کی خطرناک تقریر پر خواجہ آصف نے جواب دے دیا
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری گھر بیٹھے یہ سہولیات اور خدمات آن لائن حاصل کرسکتے ہیں، یہ پولیس سہولت مرکز صوبے میں تیسرا مرکز ہے، اس سے پہلے نوشہرہ اور چارسدہ میں مراکز قائم کئے گئے ہیں، اگلے مرحلے میں ان مراکز کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔