Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

جی ایچ کیو حملہ کیس: عثمان ڈار کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد، کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر ہوگی
شائع 08 جنوری 2025 04:52pm

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے طبی معائنے اور بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کرلی گئی، پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی، کیس میں ایک اور ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی جبکہ 13 جنوری سے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر ہوگی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ کیس کے دیگرملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے جی ایچ کیوحملہ کیس میں ایک اور ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم عائد کردی، مقدمہ میں مجموعی طور پر 118 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر حاضر ملزم محمد عاصم کا ٹرائل الگ کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثے سے شہادت طلب کر لی۔

[جی ایچ کیو حملہ کیس: 2 ملزمان کے اشتہار جاری، 24 جنوری تک پیش ہونے کا حکم]

(https://www.aaj.tv/news/30430503/)

عدالت نے پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا منظورکرتے ہوئے 13 جنوری سے مقدمہ کی روزانہ کی بیناد پر سماعت کا حکم بھی دے دیا، 13 جنوری کو استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بیٹوں سے بات کروانے اور میڈیکل چیک اپ کی درخواست بھی منظور کرلی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی جبکہ اجمل صابر اور انصر اقبال کی بریت کی درخواستوں پر وکلا صفائی کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔

عدالت نے نامزد ملزم عثمان ڈار کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کر لی اور انہیں 13 جنوری سے 21 فروری تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ عثمان ڈار نے 13 جنوری سے 21 فروری تک بیرون ملک جانے کی اجازت طلب کی تھی جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عثمان ڈار کی غیر موجودگی میں حسنین اقبال سنبل کو ان کا پلیڈر مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوئی، تاہم آج کسی بھی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔ عدالت نے آج کی سماعت کے لیے کسی گواہ کی طلبی کے نوٹس جاری نہیں کیے تھے، تاہم ملزمان کی حاضری لگا دی گئی۔

جی ایچ کیو حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

جی ایچ کیو حملہ کیس: شاہ محمود قریشی سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائد

سماعت میں عمر ایوب خان کی شواہد کی آڈیو ، وڈیوز کی کاپی،اقبالی بیان کی نقل فراہمی کی درخواست پر دلائل دیئے گئے۔ اسی طرح کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بری کرنے کی درخواست پر بھی دلائل سنے گئے۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 13 مقدمات میں ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت 29 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت کی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، عثمان ڈار سمیت دیگرعدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی گئی ، 9 مئی کے زیر سماعت 13 مقدمات میں ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں 9 مئی کے حوالے سے انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

rawalpindi

Usman Dar

imran khan

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

GHQ Attack Case