شیر افضل مروت پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم پر پھٹ پڑے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم پر بھڑک اٹھے۔
شیر افضل مروت نے بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے زعماء سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے وہ مطالبات رکھے ہی نہیں جو آپ پورے نہیں کرسکتے تھے، نہ مینڈیٹ واپسی کا، نہ 26ویں آئینی ترمیم کی واپسی کا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو باتیں کیں کہ جب عدالتیں عمران خان یا سیاسی لیڈرز کو چھوڑیں تو انہیں دوبارہ گرفتار نہ کریں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں آج خان صاحب کے پاس آیا تھا تاکہ مذاکرات کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کروِں اور ’گزارش کر سکوں کہ چند ملک دشمن عناصر حیدر مہدی اور عادل راجہ جیسے لوگ پی ٹی آءی کی تصویر کے پیچھے چھپ کر پاکستان کے خلاف، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف، عسکری افسران کے خلاف کیمپین کر رہے ہیں، اور ان کے انہی اقدامات کی وجہ سے پی ٹی آئی اور ہمیں بدنامی اور تکلیف ہو رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ خان کو میں نے بتانا تھا کہ پی ٹی آئی علی الاعلان ان ملک دشمن عناصر سے خود کو الگ کرے، کیونکہ ہمارے بہت سے نوجوان گمراہ ہوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے گماشتے 25 سے 30 ہزار ڈالر ماہانہ یہی جھوٹ بول کر کماتے ہیں ، خان کو میں نے بتانا تھا انہوں نے آدھے میڈیا کو ہمارا مخالف کیا ہوا ہے، میڈیا کے لوگوں کو گالیاں دیتے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے مجھ سمیت پوری پی ٹی آئی قیادت کو غدار قرار دیا ہوا ہے اور خود باہر بیٹھ کر گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔