Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

عمران خان نے تحریری مطالبات حکومت کو دینے کی اجازت دے دی، بیرسٹر گوہر

مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات اڈیالہ جیل میں نہیں کروائی جاتی تو پھر مذاکرات کا دور ختم کر دیا جائے، عمران خان
شائع 08 جنوری 2025 02:34pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریری مطالبات دینے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اپنے وکلا کے ساتھ 9 مئی اور توشہ خانہ سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کی ہدایت پر مطالبات تحریری طور پر حکومت کو دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی سانحہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات تحریری طور پر فراہم کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وکلا کے ساتھ ملاقات کے دوران عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کی ان سے ملاقات کروانے پر ایک بار پھر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات اڈیالہ جیل میں نہیں کروائی جاتی تو پھر مذاکرات کا دور ختم کر دیا جائے۔

چئیرمین پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ایک اور نشست ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کسی ڈیل کیلئے نہیں ملک وقوم کے لیے کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، ڈیل کا تاثر بانی پی ٹی آئی پہلے ہی زائل کر چکے ہیں۔

عمران خان اداروں پر تنقید نہ کرنے پر رضامند

دوسری جانب نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے اداروں کے خلاف بیانات نہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان کو اداروں سے متعلق بیانات نہ دینے کا پیغام دیا تھا اور دیگر رہنماؤں کو بھی اداروں کے خلاف بیانات نہ دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم معاملات کا حل چاہتے ہیں، اداروں کے خلاف بیانات دینے سے سختیاں بڑھیں گی، عمران خان کو پیغام پہنچایا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات سے گریز کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے اداروں پرتنقید نہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے صرف سیاستدانوں کو نشانے پر رکھنے فیصلہ کیا ہے۔

imran khan

adiala jail

chairman pti

Barrister Gohar Ali Khan

PTI Government Talks