ایک دوسرے پر لائیو شو میں مُکے برسانے والے شیر افضل مروت اور افنان اللہ کی تلخیاں دور، گلے لگا لیا
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان کے درمیان پیر کو ایک بار پھر آمنا سامنا ہوا، لیکن اس بار معاملات پہلے کی طرح نہیں تھے۔
خیال رہے کہ 2023 میں نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام میں تلخ کلامی کے بعد شیر افضل مروت برابر میں بیٹھے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان کو تھپڑ مارتے ہیں اور پھر دونوں ہی آپس میں لڑ پڑتے ہیں جس کے باعث پروگرام کو روکنا پڑ جاتا ہے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہوئی تھی۔
اب دونوں رہنماؤں کا ایک بار پھر آمنا سامنا ہوا جس میں انہیں ایک دوسرے کی ساتھ خوشگوار موڈ میں گلے لگاتے دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وڑ گیا کے بعد شیر افضل مروت کا ایک اور جملہ وائرل
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سیاسی رہنماؤں شیر افضل مروت اور افنان اللہ خان کے درمیان خوشگوار الفاظ کا تبادلہ ہوا جہاں دونوں گرمجوشی سے ایک دوسرے کے ساتھ ملے۔
اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہاکہ ہم دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، ہمارے دل میں اب کوئی میل نہیں ہے، سیاسی کارکنان ہیں، جو واقعہ ہوا تھا اس کے بعد آذربائیجان میں بھی اکٹھے ہوئے۔ سینیٹر افنان اللہ میرے لیے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔
دوران ملاقات سینیٹر افنان اللہ نے کہاکہ شیر افضل مروت میرے بھائی ہیں، انہوں نے جو کہا اس سے اتفاق کرتا ہوں۔