Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کیلئے جے شاہ نے نئی چال چل دی

بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے منصوبہ بنا لیا
شائع 06 جنوری 2025 11:00pm

بِگ تھری کی ایک بار پھر سے کرکٹ کی دنیا میں گونج ہے اور ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کے لیے جے شاہ نے اب نئی چال چل دی ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنے ہاتھوں میں لینے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں بورڈ نے ایک دوسرے کے ساتھ بارڈر گواسکر ٹرافی کی طرز پر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پلان بنالیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور انگلینڈ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن کے درمیان اس ماہ کے آخر میں ملاقات کا امکان ہے، اس ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا دو رویہ اسٹرکچر ایجنڈے میں شامل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دو رویہ کا پلان موجودہ 2027 تک کے ایف ٹی پی کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مزید ایک اور سائیکل تک جاری رہ سکے گی۔

یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ڈبلیو ٹی سی پر پہلے ہی تنقید کرچکے ہیں، کرکٹ کی کچھ سینئر شخصیات نے بھی بہترین ٹیموں کے ایک دوسرے سے زیادہ مقابلوں پر زور دیا ہے۔

دو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کا پلان 2016 میں آئی سی سی میں زیرِ بحث آیا تھا، 2016 کے پلان کے مطابق 7 ملک ٹاپ ڈویژن جب کہ 5 سیکنڈ رینک میں مقابلہ کریں گے، 2016 میں تب بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2 ڈویژن سسٹم کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

اس وقت بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ 2 ڈویژن سسٹم سے چھوٹے بورڈز کا مالی نقصان ہوگا، بگ تھری کے درمیان زیادہ کرکٹ سے براڈ کاسٹرز کے بھی مفادات جڑے ہیں، براڈ کاسٹرز بھی چاہتے ہیں کہ تینوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز ہوں۔

اس حوالے سے براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ میچز ہوں گے اُتنا زیادہ اچھا ہے۔

india

England

ICC

Australia

test cricket

jay shah

big three