کراچی میں رات گئے خون کی ہولی، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی
شہر قائد میں رات گئے مختلف ٹریفک حادثات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ فائرنگ کے واقعات میں ڈاکوؤں اور خاتون سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔
رات گئے نمائش چورنگی اور کلفٹن بے نظیر پارک کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔ دونوں افراد کی عمریں چالیس اور ساٹھ سال کے قریب ہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں کی جاسکی جبکہ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسی طرح رات گئے قائد آباد تھانے کی حدود لانڈھی گلشن بنیر میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے کے باعث پچاس سالہ زرتاج زخمی ہوگئی، جبکہ سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ مواچھ گوٹھ میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ساٹھ سالہ امین زخمی ہوا۔
بلدیہ ٹاؤن چوبیس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے، ان زخمی افراد کی شناخت نور محمد اور نور علی کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔
لانڈھی لالہ آباد میں فائرنگ سے موسیٰ صابر نامی شخص زخمی ہوا، شاہراہ فیصل نرسری پُل شیل پمپ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فراز نامی شخص زخمی ہوا۔
تھانہ زمان ٹاؤن پولیس سے کوسٹ گارڈ کے قریب اسٹریٹ کرمنلز سے مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان عثمان اور عادل عرف گن شاٹ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں۔
اے وی ایل سی کورنگی ڈویژن نے لنک روڈ، ضیاء کالونی شمس کانٹا کے قریب مبینہ مقابلے میں گاڑیاں چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم زخمی خلیل احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پولیس مقابلے، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں بھی ملوث ہے۔ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ اور سال 2014 سے وارداتیں کررہا ہے۔ ملزم اس سے قبل 14 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔