حنیف عباسی کے بعد مریم اورنگزیب نے بھی محمود اچکزئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کے وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی جیسے سینیئر اور قابل احترام سیاستدان سے ایسی خلاف حقیقت گفتگو کی توقع نہیں تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے شہباز شریف نے 3 بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرائی لیکن بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کی، شہباز شریف نہ صرف اپنے بھائی کے ساتھ ہر طوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ جیل بھی گئے، بدترین صعوبتیں برداشت کیں۔
جعلی حکومت ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہی ہے، محمود اچکزئی
ان کا مزید کہنا تھاکہ شریف خاندان کی رشتوں کے احترام اور وفا کی اقدار کو نبھانے کی روایت دنیا کے لیے مثال ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کے مخلص برادرانہ رشتے میں دراڑ کی قیاس آرائیاں چالیس سال سے جاری ہیں جو ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈا ثابت ہوئیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیاسی منظر نامے میں شہباز شریف واحد مثال ہیں، جنہوں نے وزیراعظم کی کرسی پر بھائی کی وفاداری کو ترجیح دی، شہبازشریف اخلاص کے امتحان میں ہمیشہ کھرے اترے ہیں۔