لاہور: 14 سالہ گھریلو ملازم پر مالکان کا تشدد، حساس اعضاء کاٹ دئے
لاہور کی غالب مارکیٹ میں مالک مکان کی جانب سے گھریلو ملازم پر بہیمانہ مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، 14 سالہ نابالغ ملازم کے حساس اعضاء کاٹ دئے گئے۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازم سنی چھ ہزار کے عوض ساجد نامی شخص کے ہاں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق مالک مکان نے بیوی اور دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ کم سن بچے پر مبینہ تشدد کیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، جبکہ حساس اعضا دونوں سائیڈ سے کٹے ہوئے ہیں، بچے کے بازوں پر رسی کے بھی نشانات موجود ہیں جو نیلگوں پڑے ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملازم کے ساتھ بدفعلی بھی کی گئی ہے، اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 14 سالہ گھریلو ملازم سنی اوکاڑہ کا رہائشی ہے اور اس نے 4 ماہ قبل ملازمت اختیار کی تھی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث مرکزی ملزم ساجد سمیت دو افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔