Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کو رکھنے کیلئے پاکستان سے 10 ارب روپے مانگے تھے، خواجہ آصف

جب افغان طالبان سے کہا گیا کہ کیا وہ اس حوالے سے گارنٹی دیں گے کہ ٹی ٹی پی واپس نہیں آئے گی تو انہوں نے کیا کیا؟
اپ ڈیٹ 02 جنوری 2025 11:34pm

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو افغانستان میں کسی مغربی صوبے میں بسانے کیلئے پاکستان سے 10 ارب روپے مانگے تھے۔

خواجہ آصف نے نجی ٹی وی بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ پیسے مانگے جانے پر جب افغان طالبان سے کہا گیا کہ کیا وہ اس حوالے سے گارنٹی دیں گے کہ ٹی ٹی پی واپس نہیں آئے گی تو اس پر وہ خاموش ہو گئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کو اندرونی خطرات ہیں، ہم باہر کے خطرات کا مقابلہ کر سکتے ہیں اس کیلئے ہم پوری طرح تیار ہیں۔ دہشت گردی کی بڑی وجہ وہ لوگ ہیں جو لا کر بسائے گئے تھے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ میں اس وقت اسمبلی میں تھا جب بریفنگ دی گئی کہ ان کو بسانے کا فیصلہ بہتر ہے۔ ’عمران خان کا بیان تھا کہ 40 سے 45 ہزار لوگ آئیں گے، اب یہ لوگ خیبرپختونخوا میں بیٹھے ہوئے ہیں اور لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں۔‘

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت بننے کے بعد میں افغانستان گیا تھا، افغان طالبان کے وزیردفاع اور دیگر قیادت سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے ان کو کہا تھا کہ دہشت گردوں کو نہ روکا گیا تو ہم مجبور ہو جائیں گے پھر گلہ نہ کریں۔

Khawaja Asif

afghan taliban

TTP