Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

مجلس وحدت المسلمین نے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا

دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا، اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2025 11:54pm

کرم معاہدے کے بعد مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک گیر دھرنوں کے خاتمے کا اعلان کرتا ہوں، بلاول بھٹو کراچی واقعے پر تحقیقات کرائیں، میرا مطالبہ ہے کہ امن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے حکومت سستی نہ کرے، دھرنے کے شرکاء دھرنا ختم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ ہوا جس میں فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے، پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا ہے، اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے، معاہدے پر عمل درآمد کریں۔

کرم کے معاملے پر گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ضلع کرم، پاراچنار کے راستے محفوظ کرنے کیلئے 400 اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ نے مزید کہا کہ بے گناہوں کا خون بہاکر انہوں نے اپنے منہ پر کالک ملی، مظلوموں کے حق میں بیٹھنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امید ہے آپ پرامن طریقے سے اپنے گھروں کو جائیں گے۔

کرم میں قیام امن کیلئے معاہدہ طے

قبل ازیں کوہاٹ میں ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے۔

معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا، فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔

فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔

جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے دستخط کیے۔ فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

بند راستے کھول دیے جائیں تو دھرنا ختم کر دیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس

اس سے قبل اپنے بیان میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا تھا کرم کا راستہ کھول دیا گیا تو ہم بھی دھرنےختم کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے کسی پارٹی کے خلاف نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی ہمارے نزدیک جوابدہ ہیں۔ بند راستے کھول دیے جائیں تو دھرنا ختم کر دیں گے۔

واضح رہے کہ پارا چنار میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے کراچی میں شارع فیصل اور شارع پاکستان سمیت مختلف مقامات پر دھرنے دیے جارہے تھے جس کے سبب شہر میں ٹریفک کا نظام درہم ہوگیا تھا اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

کرم امن معاہدے پر دستخط کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان

گزشتہ روز کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر دھرنے کے دوران صورتحال پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے باعث کشیدہ ہوگئی تھی۔

مظاہرین کی جانب سے 4 موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی تھی جبکہ متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب دو روز قبل اہلسنت و الجماعت نے بھی کرم ایجنسی پارا چنار میں بلا تفریق آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کراچی میں 60 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔

کرم کا راستہ کھول دیا گیا تو ہم بھی دھرنے ختم کر دیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس

ترجمان سنی علما کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں جاری اہل تشیع کے دھرنے 24 گھنٹوں میں ختم نہ کرائے گے تو پھر ہم بھی 24 گھنٹوں کے بعد کراچی میں طے شدہ مقامات پر سے دھرنے شروع کر دیں گے جو کہ ملک بھر میں پھیل سکتے ہیں۔

دریں اثنا آج خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا جبکہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔

دھرنے ختم کرنے کا اعلان مرکزی قیادت کے حکم پر ہوگا، علامہ حسن ظفر نقوی

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کیے جانے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے، بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، زمینی راستوں پر قافلے بروز ہفتہ روانہ ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے، دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔

karachi

protest

MWM

Karachi Protest

allama raja nasir abbas