Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

پاکستان کے دفاع کو صرف اندرونی خطرات ہیں، ہمیں اپنا گھر درست کرنا ہوگا، خواجہ آصف

ہم افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، وزیر دفاع کی نجی ٹی وی سے گفتگو
شائع 01 جنوری 2025 10:34pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے ہمسائیوں کے تعلقات اچھے ہیں، افغان زمین ہمارے خلاف استعمال ہوتی ہے، ہم افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے دفاع کو صرف اندرونی خطرات ہیں لیکن اگر ہم اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہاکہ امریکا کی طرف سے میزائل پروگرام پر پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑےگا، کیونکہ کوئی ہمیں اپنے دفاع سے نہیں روک سکتا، ہم نے ماضی میں بھی مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا مخالف نہیں ہوں، ہمارے مخالفین کو چاہیے کہ سیاسی لڑائی سیاست سے لڑیں لیکن ریاست پر حملہ آور نہ ہوں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کو ریاست کے گریبان پر ہاتھ ڈالا گیا، ہمارے بھی اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات رہے لیکن کبھی ریاست مخالف اقدام نہیں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جن لوگوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے ان کی فوٹیج آچکی ہیں، تحریک انصاف بات چیت میں اپنے دو مطالبات سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، اور انہی کی بدولت مہنگائی 38 فیصد سے 4 فیصد پر آچکی ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہورہی ہے، پاکستان کے دفاع کو صرف اندرونی خطرات ہیں لیکن اگر ہم اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

PMLN

اسلام آباد

Khawaja Asif

Khuwaja Asif

Defence Minister