Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

پی ایس ایل 10 کیلئے آسٹریلیا کے بڑے کھلاڑی نے بھی دستیابی ظاہر کردی

پی ایس ایل) 10ویں ایڈیشن کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری
شائع 01 جنوری 2025 10:15pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے، جارحانہ مزاج آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر بھی ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے لئے دنیائے کرکٹ کے اسٹار کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے پہلی بار پاکستان سپر لیگ 2025 کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کرالی۔

پی ایس ایل کے 10 ویں سیزن کے لیے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ایڈم ملنے نے بھی رجسٹریشن کروالی جبکہ آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز اور بڑے بڑے چھکے لگانے والے کرس لین بھی پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں ٹیموں کی توجہ کا مرکز ہوں گے، اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر بھی رجسٹریشن کروانے والے پلیئرز میں شامل ہیں۔

پی ایس ایل 10: پہلی بار پلیئر ڈرافٹس کی میزبانی گوادر کو مل گئی

مذکورہ کھلاڑیوں کی پی ایس ایل 10 کے لیے دستیابی کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لیگ کے سوشل میڈیا ہینڈل کی جانب سے کیا گیا۔

پی ایس ایل 10 میں رجسٹریشن کے بعد ڈیوڈ وارنر نے اپنے ہم وطن کھلاڑیوں عثمان خواجہ، میتھیو شارٹ، شان ایبٹ اور ایلکس کیری کے علاوہ مختلف ممالک کے دیگر پلیئرز کو جوائن کرلیا۔

خیال رہے کہ ڈیرل مچل کے بعد پی ایس ایل میں 2 نامور کیوی کرکٹرز بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں، حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اور جارح مزاج بلے باز مارٹن گپٹل نے 10ویں پی ایس ایل ایڈیشن کے لیے غیر ملکی پلئیر ڈرافٹ میں اپنا نام درج کروایا ہے، تینوں نامور کرکٹرز نے ڈرافٹس میں اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، سیم کرن اور ٹام کوہلر بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں۔

ای سی بی کی جانب سے اس سے قبل انگلش کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل سمیت دیگر لیگز میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس کے باوجود انگلش پلیئرز نے پاکستان سپر لیگ اور دیگر لیگز کیلیے ناموں کی رجسٹریشن کروائی ہے، انگلش کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کے آئی پی ایل کھیلنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

آسٹریلیا کے ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ کے نام کی بھی پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی جاچکی ہے، جنوبی افریقی کے رئیلی روسو، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا بھی ڈرافٹس میں موجود ہونگے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری، بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو ڈرافٹ کے لیے اپنا نام درج کرواچکے ہیں۔

انگلش کرکٹر نے پی ایس ایل کے لیے آئی پی ایل کو چھوڑ دیا، مگر کیوں؟

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کیلئے پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں منعقد ہوگا جہاں پی اس ایل فرنچائز غیرملکی پلیئرز کو اپنے پاس برقرار رکھنے اور خریدنے کا فیصلہ کریں گی۔

خیال رہے کہ پلیئرز ڈرافٹ تقریب میں دو دفعہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی لاہور قلندرز سب سے پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرے گی۔

اسی طرح دوسری باری کراچی کنگز، تیسری کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور چوتھی باری پشاور زلمی کی ہوگی، گزشتہ سیزن میں فائنل کھیلنے والی ٹیم ملتان سلطانز پانچویں اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چھٹے نمبر پر اپنے کھلاڑی چنے گی۔

پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کا ڈرافٹ کہاں ہوگا؟ نام سامنے آگیا

متعدد بڑے کھلاڑی پہلے ہی ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کرواچکے ہیں، پی ایس ایل کا ڈرافٹ 11 جنوری کو ہو گا۔

واضح رہے کہ 2016 سے اسلام آباد یونائیٹڈ تین بار چیمپئن بن چکی ہے، جس میں لیگ کا افتتاحی ایڈیشن (2016) تیسرا (2018) اور آخری ایڈیشن (2024) شامل ہے۔

اس کے علاوہ لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں دو بار جیت چکی ہے، پشاور زلمی 2017 کے ایڈیشن کی چیمپئن رہی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 کا ایڈیشن جیتا جبکہ کراچی کنگز نے 2020 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، 2021 میں ملتان سلطانز فاتح بن کر ابھری۔

PSL

David Warner

psl draft

psl 10

PSL 2025

players draft