رویت ہلال کمیٹی نے رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا جبکہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔
سربراہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ رجب المرجب کا چاند نظر آگیا ہے، یکم رجب 1446 ہجری کل 2 جنوری کو ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر سے موصولہ شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم رجب کل جمعرات 2 جنوری کو ہوگی جبکہ شب معراج 28 جنوری کو ہوگی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے آخر میں غزہ وفلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی وخوشحالی، اتحادو وحدت کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔