Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے نام سامنے آگئے

الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان کو 15 جنوری تک مہلت دے دی
شائع 01 جنوری 2025 07:45pm

سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے نام سامنے آگئے، امیر مقام، عطا تارڑ، علیم خان، شیخ وقاص اکرم، مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی، خورشید شاہ، فاروق ستار اور زین قریشی گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں شامل ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان کو 15 جنوری تک مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی فہرست جاری کردی۔

الیکشن کمیشن کی گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان کو 15 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جنوری تک گوشوارےجمع نہ کروائے تو 16 جنوری سے رکنیت معطل کردی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں 23 ارکان سینیٹ، 116 ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں، ان اراکین میں امیر مقام، سردار یوسف، مبارک زیب، انجم عقیل خان، شیخ آفتاب، شہرام ترکئی، بیرسٹر عقیل، دانیال چوہدری، عطا تارڑ، علیم خان، شیخ وقاص اکرم، زین قریشی کے نام شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کروانے کی مہلت مل گئی

گوشواروں کا معاملہ: الیکشن کمیشن کا ارکان اور سیاسی جماعتوں کو آخری موقع نہ دینے کا فیصلہ

اس کے علاوہ علی موسیٰ گیلانی، علی قادر گیلانی، تہمینہ دولتانہ اعجاز الحق، مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی، غفور حیدری، خورشید شاہ، فاروق ستار اور نبیل گبول بھی گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ اراکین میں یوسف رضا گیلانی، رانا محمود الحسن، فاروق نائک گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں شامل ہیں، حامد خان، سیف اللہ نیازی، ایمل ولی، انوارالحق کاکڑ نے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

پنجاب اسمبلی کے 208، سندھ اسمبلی کے 55 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 91 اور بلوچستان اسمبلی کے 25 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پچھلے سال دسمبر کے آغاز میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ اہلخانہ اور زیر کفالت افراد کے گوشوارے جمع کرانے کے بھی پابند ہیں، 31 دسمبر تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا مزیدکہنا تھا کہ گوشواروں میں غلط معلومات جمع کرانے کی صورت میں سیکشن 137 کے تحت کی کارروائی کی جائے گی۔

ECP

اسلام آباد

assets

Election Commission of Pakistan (ECP)

parliamentarian assets