Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کے مقدمہ کا 17 سال بعد فیصلہ، ملزمان کو 2 بار عمر قید

ملزمان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا
شائع 01 جنوری 2025 05:34pm

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کے 17 سال پرانے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا، 2 ملزمان کو 2 بارعمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے شہری کو قید کرنے اور کار چوری کرنے پر مجموعی طور پر مزید 10سال قید کی سزا سنائی گئی، ملزمان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، ملزمان میں نوید حفیظ اور نوازش اکبر شامل ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دونوں ملزمان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا، شریک ملزمان زمان، حامد اور فرید تاحال مفرور ہیں۔

خالد محمود سومرو قتل کیس: تمام ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 2006 میں کاروباری تنازعہ پر شہری شیر بہادرکو ملیر کورٹ کے قریب سے اغواء کیا، ملزمان شہری کے بھائیوں کو اتار کر اسے کار سمیت ساتھ لے گئے۔

استغاثہ نے بتایا کہ ملزمان نے شہری کو 5 ماہ سے زائد عرصہ قید میں رکھا، شہری کے گھر والوں سے تاوان کے نام پر70 لاکھ نقد اور90 لاکھ روپے کی جیولری وصول کی۔

استغاثہ کے مطابق اغوا کے بعد شہری کی والدہ نے کورٹ سمیت حکام بالا کو 12 درخواستیں بھیجیں، عدالت میں پٹیشن فائل کی تو کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

استغاثہ نے مزید بتایا کہ عدالت کے حکم پر دہشت گردی کی دفعات شامل کرکے فریش چالان جمع کروایا، ملزمان کے خلاف 6 گواہان پیش کیے، جس میں تین چشم دید گواہان شامل ہیں۔

وکیل ملزمان نے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف ڈیڑھ سال بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی، جیولری اور کیس دینے کی کوئی رسید موجود نہیں، 17 سال بعد مقدمہ کا چالان جمع کروایا گیا۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ استغاثہ ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ الفلاح میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

karachi

sindh

Anti terroist court karachi