پنجاب میں اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا
پنجاب میں اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا، کیونکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کی تمام 43 جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں آپریشنل کردی ہیں۔
نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے انہیں فری لیگل ایڈ مل رہی ہے۔ یہ فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ نے اسیران کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کے قواعد و ضوابط بھی جاری کیے، ہر جیل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل ایسے اسیران کا تعین کرے گا، منگل کے روز بیرکوں میں فری لیگل ایڈ سروس کے بارے میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
بدھ کے روز نادار اسیران کی فہرست متعلقہ ضلع کی فری لیگل ایڈ کمیٹی کو بھجوائی جائے گی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ان نادار اسیران کی اپنے وکیلوں سے ملاقات کا اہتمام کرے گا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائے گا کہ فہرست میں دیے گئے قیدیوں کو مفت وکیل کی سہولت دستیاب ہے۔
وکلاء کی عدم دستیابی پر متعلقہ ڈی آئی ریجن کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو مطلع کیا جائے گا، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب بار کونسل کی مدد سے وکلاء کی فوری دستیابی یقینی بنائیں گے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہر ماہ کی 5 تاریخ تک گزشتہ مہینے کا فری لیگل ایڈ ریکارڈ آئی جی آفس بھجوائے گا، آئی جی جیل خانہ جات ہر ماہ کی 10 تاریخ تک محکمہ داخلہ کو صوبہ بھر کی حتمی رپورٹ بھجوائیں گے، ہر ماہ رپورٹ کیا جائے گا کہ کتنے اسیران کو فہرست کے مطابق فری لیگل ایڈ سروس ملی۔
جن اسیران کو فری لیگل ایڈ نہیں مل سکی اس کی وجوہات بیان کی جائیں گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو قواعد و ضوابط پرعملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔