وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا اے ٹی ایف پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے اسکولوں، کالجوں اور وکلاء کو نشانہ بنایا ہے، لیکن دشمنوں کے لا حاصل عزائم ہر صورت ناکام ہوں گے۔ غازیوں کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں چیلنج کریں۔
انہوں نے اے ٹی ایف اسکول سے پاس آؤٹ ہونے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں عوام کی خدمت کرنی ہے۔ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر کبھی ملک میں انتشار کی سیاست نہیں کی، وزیراعظم
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم شہداء کو کسی صورت نہیں بھول سکتے اور ان کے خاندانوں کی کفالت کریں گے، کیونکہ شہداء ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ٹی ایف پر تنقید آج تک نہیں سنی، اور میرے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ میں غیرت مند غازیوں سے خطاب کر رہا ہوں۔
وزیراعلی بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف خون بہانے والوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ بزدل دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے اسکولوں، جامعات، پارکوں اور ہسپتالوں پر حملوں کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ دشمنوں کی لا حاصل جنگ کو ختم کرنا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ فورس کا حصہ بننے والے ایمان داری سے شہریوں اور اثاثوں کی حفاظت کریں۔ پولیس کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا، اور اے ٹی ایف اسکول کو تھرمل کیمروں اور عمارت کی مرمت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔