Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

کراچی میں دھرنوں سے عوام کو تکلیف پہنچ رہی ہے، جسے دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ

انتظامی اقدامات اور مذاکرات سے کراچی میں دھرنے ختم کر دیں گے، وزیراعلی سندھ
شائع 31 دسمبر 2024 02:21pm

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پارا چنار میں پرتشدد واقعات کے تناظر میں کراچی میں جاری دھرنوں سے متعلق کہا کہ وہ پر امن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، اور کرم میں انسانی المیہ کے باعث سندھ حکومت نے امداد بھیجی ہے، کراچی میں دھرنوں سے عوام کو تکلیف پہنچ رہی ہے، جسے دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی کے انتہائی اہم منصوبے کے بی فیڈر ٹھٹھہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں دھرنے دینے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں ایک مقام پر احتجاج کی پیشکش کی ہے، انتظامی اقدامات اور مذاکرات سے کراچی میں دھرنے ختم کر دیں گے۔

واضح رہے کہ پارہ چنار میں پرتشدد واقعات کے بعد اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں چند روز سے 12 مقامات پر دھرنے جاری تھے۔ آج صبح پولیس نے شہر میں جاری دھرنوں کو ختم کرانے کے لیے کارروائی شروع کر دی جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

عباس ٹاؤن میں دھرنے کے دوران پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی، جس سے علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ اطلاع کے مطابق پولیس نے ڈیڑھ گھنٹے میں 5 مقامات پر دھرنے ختم کرائے لیکن پھر 4 مقامات پر دھرنا شروع ہوگیا۔

یہ دھرنا جاری رہے گا جو کرنا ہے کرلو، علامہ حسن ظفر نقوی

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کے مخالف نہیں، مسئلے کو اچھے انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، پارا چنار میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر افسوس ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کراچی کو یومیہ 7600 کیوسک پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی آگیومینٹیشن کے لیے ورلڈ بینک بھی تعاون کر رہا ہے، ان کی شرط تھی کہ کسی کا پانی کا شیئر کم نہ ہو، کراچی کو پانی کی فراہمی بڑھا کر دو گنا کرنے جارہے ہیں، ابھی اس کے بعد حب ڈیم کی جانب جارہا ہوں، حب ڈیم کا منصوبہ بھی بر وقت مکمل کریں گے، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

کراچی میں کریک ڈاؤن ناکام ، صبح سویرے ختم ہونے والے دھرنے دوبارہ شروع

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، اور وفاق کے ساتھ مل کر 40 ارب روپے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے ملیر ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا بھی ذکر کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کلری بگھار فیڈر کراچی تک پانی پہنچاتا ہے، اور سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی کم نہیں ہونے دیں گے۔

Murad Ali Shah

sindh