انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 جاری، حکومت کو اضافی ریونیو ملنے کی راہ ہموار
صدرمملکت آصف علی زرداری نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 پر دستخط کردیئے جس کے بعد وفاقی حکومت کو اضافی ریونیو ملنےکی راہ ہموار ہوگئی۔
آرڈیننس کے تحت بینکوں کے لیے انکم ٹیکس کی اسینڈرڈ شرح 39 سے بڑھا کر 44 فیصد کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کو قرضے دینے کے بدلے بینکوں کے منافع پر 10 سے 15 فیصد اضافی ٹیکس ختم کردیا گیا۔
اس آرڈیننس کے اجرا سے ٹیکس شرح بڑھانے سے وفاقی حکومت کو اضافی ریونیو ملنےکی راہ ہموار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکس سال 2025 میں 60 ارب روپے سے زائد کا ریونیو ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔
انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے27 دسمبرکو انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔
آرڈیننس کے تحت ٹیکس سال 2025 کے لیے بینکوں پراسٹینڈرڈ ٹیکس ریٹ 44 فیصد ہوگا، ٹیکس سال 2026 میں ٹیکس ریٹ کم ہوکر 43 فیصد ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں ٹیکس سال 2027اور اس کے بعد ٹیکس ریٹ مزیدکم ہوکر42 فیصد ہوجائےگا، ٹیکس سال 2026 میں چھوٹی کمپنیوں کے لیے ٹیکس ریٹ 20 فیصد ہوگا، کسی بھی دوسری کمپنی کےلیے ٹیکس ریٹ29 فیصد ہوگا۔