Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
01 Rajab 1446  

ترجمان کراچی پولیس نے دھرنوں کیخلاف کارروائی سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا

کراچی پولیس چیف کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے منسلک کرنا بے بنیاد ہے، ترجمان کی وضاحت
شائع 30 دسمبر 2024 09:58pm

کراچی میں پولیس چیف نے دھرنوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بیان سے چند ہی لمحے بعد یوٹرن لے لیا، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے سڑکیں کلیئرکرانے کا اعلان کیا جس کے کچھ ہی دیر میں ترجمان کراچی پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس چیف کے بیان کامقصد کارروائی نہیں صرف ٹریفک روانی میں بہتری تھا، دھرنوں کے خاتمے سے ان بیان کو منسلک کرنا بے بنیاد ہے، بارہ مقامات پراحتجاج کے باعث شہرمیں ٹریفک نظام پانچ روز سے درہم برہم ہے۔**

کراچی میں دھرنوں کا آج پانچواں روز ہے، جس کے باعث 12 مقامات بلاک ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، شہری دن بھر سڑکوں پر رُلتے رہے۔

کراچی پولیس چیف نے قانون کی عملداری کا دعویٰ کیا اور کہا کہ افسران کو ہدایات مل چکی ہیں، جلد سڑکوں کو کلیئر کردیں گے۔

مغرب تک کارروائی کے بیان پر مغرب سے پہلے ہی یوٹرن لے لیا گیا، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کے بیان پر کراچی پولیس کے ترجمان وضاحتیں دینے لگے۔

ترجمان کراچی پولیس نے ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کے دھرنے ختم کرنے سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس چیف نے دھرنے ختم کرنے کا نہیں کہا، پولیس چیف کا دھرنے ختم کروانے کا حکم جو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے، مذکورہ خبر کو دھرنوں کے خاتمے سے منسلک کرنا بے بنیاد اور غلط فہمی کا شاخسانہ ہے۔

ترجمان کراچی پولیس نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں تھا، ان کا کہنے کا مقصد یہ تھا کہ دھرنوں کو اس طرح منعقد کیا جائے کہ ٹریفک کی روانی میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔

دھرنے والوں سے بات ہوگئی، کوشش ہے رات تک احتجاج ختم کرادیں، کراچی پولیس چیف

یاد رہے کہ اب سے چند گھنٹے قبل ہی کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا تھا کہ دھرنے والوں سے بات ہوگئی ہے، کوشش ہے کہ آج رات تک دھرنے ختم کرا دیے جائیں، جو سڑکوں سے نہیں ہٹے گا تو پھر قانون کے مطابق اسے ہٹائیں گے۔

کرم صورت حال پر کراچی میں 13 مقامات پر دھرنے، ناتھا خان اور ملیر 15 پر احتجاج ختم

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا تھا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب بات نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے جرائم پیشہ افراد سے روزانہ کی بنیاد پر مقابلے ہوتے ہیں، شاہین فورس، مددگار 15 پولیس اور علاقہ پولیس کے تمام مقابلے اصلی ہی ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی اکا دکا واقعات کبھی جعلی مقابلوں کے بھی سامنے آجاتے ہیں، تو ہم ایکشن لیتے ہیں، ہم مبینہ مقابلوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، 104 شہری ڈاکوؤں کی جانب سے شہید کیے گئے، تو 190 ڈاکو بھی پولیس مقابلوں میں مارے گئے۔

کراچی پولیس کے چیف نے کہا تھا کہ 2024 میں دسمبر کا مہینہ شہر قائد میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے سب سے بہتر رہا، رواں ماہ سب سے کم گاڑیاں چھیننے یا چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ حساس تھانوں میں اچھی شہرت کے حامل ایس ایچ اوز تعینات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ضلع ملیر اور غربی میں ٹریفک حادثات درد سر بنے ہوئے ہیں، یہاں صنعتی علاقوں کا ٹریفک زیادہ ہے، ہم نے بہت زیادہ ٹرک اور ڈمپر بند بھی کیے ہیں، مقدمات بھی درج کررہے ہیں، ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے ملاقاتیں بھی کی ہیں، ہم نے واضح کیا ہے کہ شہر میں اسپیڈ کم کریں، ورنہ کارروائی جاری رہے گی، صرف چالان پر اکتفا نہیں کریں گے۔

پاراچنار صورتحال پر دھرنے، کراچی کی کونسی سڑکیں کھلی ہیں؟

یاد رہے کہ 21 نومبر کو لوئر کرم کے علاقے میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 خواتین اور 5 بچوں سمیت تقریبا 41 افراد شہید ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا جب کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے کرم ایجنسی کو ملانے والی ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا، اس کے بعد سے راستوں کی بندش کے باعث ہرگزرتے دن صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں پاراچنار کے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں اور مرکزی شاہراہوں پر دھرنے پانچویں روز بھی جاری ہیں، جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس وقت 12 مقامات پر احتجاج کیا جارہا ہے، جب کہ گزشتہ رات سے جوہر موڑ پر بھی دھرنے کا آغاز کردیا گیا تھا، کراچی میں مختلف مقامات پر دھرنوں کے باعث ٹریفک کو متبادل ٹریک پر چلایا جارہا ہے۔

karachi

IG Sindh

sindh

Sindh Police

Javed Alam Odho

Additional IG