نیوز اینکر کو شوہر نے بھری عدالت میں قتل کردیا
غیرت کے نام پر خواتین کو جان سے مارنے کے واقعات صرف پاکستان میں ہی پیش نہیں آتے، عرب ملک میں بھی ایسا ہی کیس منظر عام پر آیا ہے، لبنانی نیوز اینکر کو شوہر نے بھری عدالت میں قتل کردیا، ملزم نے خود کو بھی گولی مارلی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزم خلیل مسعود اپنی بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے بعد کمرہ عدالت سے فرار ہوگیا تھا، اور ایک گھنٹے بعد اس نے فیس بک پر ایک وڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔
خوبرو لبنانی نیوز اینکر عبیر رحال اپنے شوہر سے علیحدگی حاصل کرنے کی درخواست پر کارروائی مکمل کرنے کےلیے کمرہ عدالت میں موجود تھیں، اس دوران خوفناک واقعہ پیش آیا، جوڑے کے 3 بچے بھی ہیں۔
قاتل نے بعد ازاں اپنے فیس بک اکاونٹ پر شیئر کی جانے والی وڈیو میں بیوی کو قتل کرنے کی وجہ ’خیانت‘ اور’غیرت’ قرار دیا ہے، سکیورٹی اہلکاروں کو خلیل مسعود کی لاش اس کی کار سے ملی، لاش کو مزید کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔