Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاراچنار میں ہلاکتوں کے خلاف دھرنا جاری، کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم

کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی کال پر متعدد دھرنوں کا سلسلہ آج مسلسل پانچویں روز بھی جاری رہا
شائع 28 دسمبر 2024 07:06pm
—فوٹو: وقاص علی
—فوٹو: وقاص علی
—فوٹو: وقاص علی
—فوٹو: وقاص علی

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے پاراچنار میں ہلاکتوں کیخلاف ہفتہ کو ملک بھر میں دھرنا جاری رہا، کراچی کے رہائشیوں کے لیے ٹریفک کی رکاوٹیں برقرار رہیں، جہاں احتجاج اپنے پانچویں روز میں داخل ہوگیا۔

مذہبی سیاسی جماعت مجلس وحدت المسلمین نے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔ یہ مظاہرے ایک ایسے واقعے کے بعد شروع ہوئے جب کرم کے باغان کے علاقے میں پاراچنار کی طرف جاتے ہوئے دو افراد کو قتل اور بعد ازاں ان کا سر قلم کر دیا گیا تھا۔

کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی کال پر متعدد دھرنوں کا سلسلہ آج مسلسل پانچویں روز بھی جاری رہا، کئی اہم شاہراہوں کی احتجاجی دھرنے کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایم اے جناح روڈ پر نمایش کے قریب، ابوالحسن اصفہانی روڈ نزد عباس ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد میں فائیو سٹار چورنگی، سمامہ شاپنگ سینٹر کے قریب یونیورسٹی روڈ، اسٹار گیٹ کے قریب مین شارع فیصل، کورنگی، ملیر کے قریب مین نیشنل ہائی وے پر دھرنے جاری رہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اپنے ایکس پر جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق کالا چھپرا روڈ سے شہر کی طرف جانے والی مرکزی شاہراہ فیصل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ تاہم دوسری طرف کی سڑک بند تھی۔

مین ایم اے جناح روڈ

مین ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ٹریفک کو پی پی چورنگی گرومندر سے سولجر بازار کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک کی تبدیلیاں

کراچی: ٹریفک سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ بریٹوروڈ سے سولجر بازار اور گرومندر کی طرف ٹریفک موڑا جا رہا ہے۔

بند سڑکیں

ابوالحسن اصفہانی روڈ اور عباس ٹاؤن کی دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہیں۔ ٹریفک پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک اور اندرون گلیوں کی طرف گامزن ہے۔ رینجرز کا عملہ سروس روڈ پنجاب اڈہ کی طرف ٹریفک موڑ رہا ہے۔

فائیواسٹار چورنگی

فائیواسٹار چورنگی مکمل بند ہے، تاہم سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔

دیگر متاثرہ راستے

یونیورسٹی روڈ، میٹرو شاپنگ سینٹر، نیپا کی سڑک بند ہے۔ مین شاہراہ فیصل کالاچھپرا کی جانب ملیر روڈ بھی بند ہے۔

متبادل راستے

ٹریفک کارساز، ڈرگ روڈ، ملینیم، جوہر چورنگی سے ائیرپورٹ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔ ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور کلفٹن سے ائیرپورٹ جانے والے افراد کو سنگر چورنگی سے شاہ فیصل کالونی ریتا پلاٹ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سڑکیں بند

نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج کے دونوں روڈ بند ہیں، جبکہ منزل پمپ سے یونس چورنگی کی طرف ٹریفک بھیجا جا رہا ہے۔

احتیاطی تدابیر

ٹریفک پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں کے علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا انتہائی ضروری ہے تو متبادل راستوں کے انتخاب کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔

karachi

protest

sindh

Parachinar

Karachi Traffic Police