حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار
ایک طرف حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ رواں ہفتے سترہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ صفر آٹھ فیصد بڑھ گئی ہے۔
مہنگائی میں اضافے کے رجحان اور بڑھتی قیمتوں سے عوام پریشان ہیں۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 4.64 سے بڑھ کر 5.08 فیصد ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اس ہفتے سترہ اشیا مہنگی اور دس سستی ہوئیں۔
ٹماٹر کی قیمت 20.75 فیصد، مرغی کی قیمت 22.4 فیصد، چینی کی قیمت 2. 19 فیصد، بیف کی قیمت 0.69 فیصد، کوکنگ آئل اور سرسوں کے تیل کی قیمت بالترتیب 0.74 اور 0.69 فیصد اور ایل پی جی کی فی کلو قمیت 0.18 فیصد بڑھی۔