Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گیس سپلائی کا اہم معاہدہ طے پاگیا

گیس کے بحران سے دوچار پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی
شائع 27 دسمبر 2024 05:49pm

گیس کے بحران سے دوچار پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گیس سپلائی کا اہم معاہدہ طے پاگیا ہے یہ معاہدہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سوکار کمپنی کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کی سطح پر ہوا ہے۔

دستاویز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گیس سپلائی کا معاہدہ ہوا ہے اور اس کی تفصیلات پاکستان اسٹیٹ آئل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردی ہیں۔

مراسلے کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل اور سوکار معاہدے کی منظوری 24 دسمبر کو موصول ہوئی ہے، پی ایس او کو معاہدے پر دستخط کی اجازت وزارت توانائی نے 3 دسمبر کو دی تھی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاہدہ توانائی کے شعبے میں بڑا قدم ہے اور یہ گیس سپلائی معاہدہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو کئی سال سے توانائی (گیس) بحران کا سامنا ہے جو موسم سرما میں مزید بڑھ جاتا ہے ان دنوں بھی موسم سرما میں پاکستان بھر میں گیس کا بدترین بحران جاری ہے اور شہریوں کو لوڈ منیجمنٹ کرتے ہوئے مختصر مدت کے لیے صبح، دوپہر اور رات کے اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں مستقل گیس بندش کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

گزشتہ دنوں سوئی سدرن گیس کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس کے قدرتی گیس کے ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان

Azerbaijan

gas supply

gas pipeline

Pakistan State Oil