Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم صورتحال پر جاری جرگہ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کل تک مؤخر

صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے 6 پروازیں
شائع 27 دسمبر 2024 10:17pm

کرم کی کشیدہ صورتحال پر جاری جرگہ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کوہاٹ میں جرگہ بلانتیجہ کل تک موخر ہوگیا۔

ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کے مطابق کرم میں صورتحال پر کوہاٹ جرگہ میں فریقین موجود ہیں، جس میں مزید افراد بھی کل شرکت کریں گے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت کا کردار ثالثی ہے، ٹاسک فورس بھی بنائی ہے، ایک فریق نے وقت مانگا تھا، وہ دوبارہ واپس آگیا ہے ، بنیادی مقصد اسلحہ اور بھاری ہتھیار واپس کرنا ہے، کل تک معاہدہ ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد سڑک کو کھول دیا جائے گا۔

امید ہے کرم میں فریقین ایک دو دن میں معاہدے پر دستخط کردیں گے، بیرسٹر سیف

ضلع کرم میں رابطہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے جبکہ ضلع میں حالات معمول پر نہ آسکے۔

گذشتہ روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے کل 6 پروازیں ہوئیں،جن کے ذریعے 145 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پہلی پرواز کے ذریعے 29 افراد کو پشاور سے پاراچنار پہنچایا گیا، اسی پرواز کے ذریعے بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹس بھی پارا چنار بھیجی گئیں، دوسری پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ منتقل کیا گیا۔

پھر تیسری پرواز کے ذریعے 10 افراد اور ایک لاش کوہاٹ سے پاراچنار منتقل کیا گئی۔

کرم میں کشیدگی: مشکلات کے پیش نظر پشاور آمد و رفت کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع

ہیلی کاپٹر کی چوتھی پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ پہنچایا گیا، پانچویں پرواز کے ذریعے 5 افراد کو کوہاٹ سے پاراچنار منتقل کیا گیا، اسی طرح دن کی آخری اور چھٹی پرواز میں 39 افراد بشمول آٹھ بچوں کو پاراچنار سے پشاور پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اب تک صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے مجموعی طور پر 613 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی گئی ہے۔ ان افراد میں جرگہ ممبران کے علاوہ بچے، خواتین، طلبہ اور مریض شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا کابینہ کا کُرم راستے کی بحالی کیلئے خصوصی فورس کے قیام کا فیصلہ

ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم تک ضروری ادویات کی سپلائی کا عمل بھی جاری ہے، اب تک صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقریبا 10 ٹن ادویات کرم پہنچائی جاچکی ہیں، وزیر اعلی کی ہدایت پر کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر سروس جاری رہے گی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کرم کے عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں۔ امید ہے کہ جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معول پر آئے گی۔

Ali Amin Gandapur

Kurram Situation

Helicopter Service