انصاف کی فراہمی کیلئے بینچ اور بار کا مضبوط تعلق ضروری ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ بینچ اور بار کا مضبوط تعلق انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہے، عدلیہ قانون کی تشریح اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں مختلف بار ایسوسی ایشنز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے دور دراز اضلاع کے دوروں کے تجربات بار ایسوسی ایشنز سے شیئر کیے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بینچ اور بار کا مضبوط تعلق انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہے، عدلیہ قانون کی تشریح اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے، وکلا کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے وقت کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ گھوٹکی جوڈیشل کمپلیکس بہترین سہولیات کے ساتھ دیگر اضلاع کے لیے مثال ہے، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں وکلا کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز شروع ہوں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے قانون اور انصاف کمیشن کو بار ایسوسی ایشنز کو 10 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کو ویڈیو لنک سہولت فراہم کرنے اور آزاد جموں و کشمیر بار کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ انصاف کے نظام میں ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے انصاف تک رسائی اور عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔