Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز، 13 خوارج ہلاک، میجر شہید

سیکیورٹی فورسز نے بنوں جانی خیل، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں کارروائیاں کیں، 8 خوارج زخمی حالت میں گرفتار
شائع 26 دسمبر 2024 08:56pm

سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 3 مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں 13 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس آپریشن میں خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، آپریشن کے دوران 2 خوارجی دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس میں 5 خوارج دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے میجر محمد اویس نے جام شہادت نوش کیا، نارووال سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس شہید جرات و بہادری کا پیکر تھے جو اپنے دستوں کی صف اول سے قیادت کررہے تھے۔

شہید نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور جان کا عظیم نظرانہ پیش کر کے شہادت کا رتبہ حاصل کیا، میجر محمد اویس شہید نے سوگواران میں اہلیہ ایک بیٹا، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی، اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 خوارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خراج تحسین

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 13 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے۔

وزیراعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید میجر کی بلندی درجات کی دعا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہید میجر اویس کو سلام پیش کرتی ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری کا خراج تحسین

ادھر صدر مملکت آصف زرداری نے بھی 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے جام شہادت نوش کرنے پر میجر محمد اویس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور میجر محمد اویس شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔

آصف زرداری نے میجر محمد اویس شہید کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا اور شہید کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر آصف زداری نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا خراج عقیدت

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی شہید میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، شہید کی بہادری پر فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 16 اہلکار شہید

وفاقی وزیر داخلہ نے شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے شمالی وزیرستان میں 13 خوارجیوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

ISPR

North Waziristan

South Waziristan

security forces

Bannu

security forces operation

Terrorists killed