اسرائیلی فوج نے 5 فلسطینی صحافی شہید کردئے، خاتون صحافی کو گاڑی تلے کچلنے کی کوشش
غزہ میں بے لگام اسرائیلی فوجیوں کے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، جہاں صیہونی فوج نے فلسطینی میڈیا کی گاڑی پر حملہ کیا اور پانچ فلسطینی صحافیوں کو شہید کردیا۔
شہدا میں فادی حسونہ، ابراہیم الشیخ علی، محمد الدحا، فیصل ابوالقسام، ایمن الجدی شامل ہیں۔
صیہونی فوج نے چھاپوں کی کوریج پر خاتون صحافی رغد سلیمہ کو فوجی گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کی بھی کوشش کی۔
مقبوضہ مغربی کنارے سے درجنوں فلسطینی گرفتار کرلیے گئے، چوبیس گھنٹوں میں ستائیس فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جبکہ شدید سردی سے تین فلسطینی بچے دم توڑ گئے۔
زیتون میں بھی بمباری سے بیس فلسطینی زخمی ہوئے، چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد ستائیس ہوگئی۔
اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے المری مہاجر کیمپ میں چھاپے کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا، اس دوران تین فلسطینیوں کو گولیاں مار کر زخمی بھی کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے انڈونیشیا اسپتال کو ایک بار پھر خالی کرالیا۔ شدید سردی میں جنوبی غزہ میں تین فلسطینی بچے ہائپو تھرمیا کا شکار ہو کر دم توڑ گئے۔
گزشتہ برس سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک پینتالیس ہزار تین سو پینسٹھ فلسطینی شہید اور ایک لاکھ تراسی ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔