بابرہ شریف سے کبھی خوشگوار تعلقات نہیں رہے، وسیم عباس
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے منجھے ہوئے سینئر اداکار وسیم عباس نے انکشاف کیا ہے کہ فلمی ہدایت کار کا بیٹا ہونے کے باوجود مجھے کیریئر کے شروع میں جسمانی خدو خال، چہرے کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا تھا۔
کامیاب ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے وسیم عباس حال ہی میں ٹی وی شو میں شریک تھے، انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے حوالے سے کھل کر باتیں کیں۔
وسیم عباس نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اداکارہ بابرہ شریف مجھے بہت پسند تھیں، اس لیے انہیں پہلی ہی فلم میں کاسٹ کیا تھا اور خوش قسمتی سے وہ فلم بھی کامیاب گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کیریئر شروع کرنے کے بعد ماضی کی خوبرو اداکارہ سے اچھے پیشہ ورانہ تعلقات اور دوستی بھی کرلی تاہم ہمارے درمیان کبھی بھی خوشگوار تعلقات نہیں رہے۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ بابرہ شریف نے میرے ساتھ ہمیشہ اچھا رویہ رکھا لیکن ایک بار شاید وہ کسی معاملے پر ناراض ہوکر سیٹ پر آئیں اور انہوں نے نامناسب رویہ اختیار کیا، جس کے بعد میرا دل ٹوٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ روکھے رویے کے بعد بابرہ شریف سے دوری اختیار کرلی، میں اعتراف کرتا ہوں کہ ڈراموں اور فلموں میں ساتھ کام کرنے کے باوجود ہماری کیمسٹری مل سکی نہ اچھے تعلقات بن سکے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ معروف فلمسازعنایت حسین بھٹی کا بیٹا ہونے کے باوجود مجھے شروع میں کام حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مجھے ریڈیو پاکستان سمیت پی ٹی وی پربھی مسترد کیا گیا۔
وسیم عباس نے بتایا کہ جب میں نے ریڈیو پاکستان پر اپنا پہلا آڈیشن دیا تو ان لوگوں نے والد کو بتایا کہ آپ کا بچہ کبھی بھی آرٹسٹ نہیں بن سکتا، اس پر محنت کرنا فضول ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ معرو ف پروڈیوسر یاور حیات نے بھی انہیں پی ٹی وی پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکا کبھی اداکار نہیں بن سکتا، اس کی شکل اور جسمانی خدوخال اداکاری والے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں انہوں نے تھیٹر پر قسمت آزمائی کی، مجھے اسٹیج ڈرامہ میں حادثاتی طور پر کام کرنے کا موقع ملا، جس دن تھیٹر ہونے والا تھا، اسی دن ڈرامہ کا ہیرو بیمار ہوگیا، اور مجھے کام کا موقع مل گیا۔
اداکار وسیم عباس نے بتایا کہ میرا پہلا تھیٹر ڈارمہ کامیاب ہوگیا ، میرے والد نے مجھ پر کوئی اور کام کرنے کا دباؤ نہیں ڈالا، اس طرح میں شوبز میں آیا، اوراتنے برس سے اداکاری کر رہا ہوں۔