Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے کی پیشگوئی

شمالی بلوچستان میں شدید سردی سے ندی نالوں حتیٰ کہ پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا
شائع 25 دسمبر 2024 10:41am

محکمہ موسمیات نے سردی کے رواں سیزن میں بارش اور برف باری کم ہونے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

ملک میں سردی نے ڈیرے جمائے رکھے ہیں، جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سردی سے ندی نالوں حتیٰ کہ پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ہے۔

زیارت، کوئٹہ اور قلات میں گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے باعث ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید سردی ہے۔

مری میں برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، گلگت میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جہاں رواں سال اوسطاً درجہ حرارت کم سے کم منفی 8 ڈگری تک گرگیا، دس برس قبل یہ منفی 3 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا اوسطاً درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 11 ڈگری تک گرگیا، جو دس برس میں 8 ڈگری تک گرگیا، سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Winter

پاکستان