Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

عسکری قیادت، صدر مملکلت اور وزیراعظم کے قائداعظم کے یومِ پیدائش اور کرسمس پر خصوصی پیغامات

ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کرتے ہیں، آئی ایس پی آر
شائع 25 دسمبر 2024 08:42am

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 148ویں سالگرہ پر صدر مملکت، وزیر اعظم اور عسکری قیادت کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان نے بابائے قوم کو ان کے 148ویں جنم دن پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مسلح افواج قائداعظم کے لازوال وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قائد کی انتھک کوششوں نے ہمارے عوام کو متحد کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کرسمس کے حوالے سے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ مسلح افواج کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے، مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

قائد کا دستور ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب مشعلِ راہ ہے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائدِ اعظم كے یومِ پیدائش پر جاری پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، قائداعظم کے وژن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہو سکا۔

صدر زرداری نے کہا کہ قائدِ اعظم نے ایک وکیل، مدبر اور آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنما کے طور پر مسلمانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی، قائد کا دستور ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب مشعل ِراہ ہے، ہم آج کے دن ہم بابائے قوم کو سلام پیش کرتے ہیں، قائد کے اصولوں کو ترقی کیلئے مشعل راہ بنائیں۔

صدر مملکت نے کرسمس پر مسیحی برداری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کرسمس انسانیت کے لیے ایک آفاقی پیغام لاتی ہے۔ آئین پاکستان تمام شہریوں کو حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ ہمیں عدم برداشت، امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

آئیے قائد کے رہنما اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم كے یوم پیدائش پر جاری پیغام میں کہا کہ آج ہم قائداعظم کی غیر معمولی بصیرت کی یاد تازہ کر رہے ہیں، بابائے قوم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ ان کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائد اتحاد مساوات اور انصاف پر گہرا یقین رکھتے تھے، آئیے قائد کے رہنما اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں۔

ISPR

Christmas

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

QUAID E AZAM Muhammad Ali Jinnah

148th Birthday