Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

3 شادیوں سے ڈیڑھ کروڑ ہڑپ کرنے والی ’لوٹیری دلہن‘ گرفتار

سیما عرف نکی نے بھارت کی مختلف ریاستوں میں امیر مردوں شادی کرکے ان سے لوٹ مار کی، پولیس
شائع 23 دسمبر 2024 07:13pm

بھارت کے صوبے راجستھان کے ضلع جے پور کی پولیس نے “ سیما نکی“ نامی ایک خاتون کو دہرہ دون سے گرفتار کیا ہے، جو اپنے شوہروں کو جھوٹے اور سنگین الزامات میں پھنسا کر ان سے رقم وصول کرتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے نکی کو گرفتار کرنے کے بعد جے پور کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے نکی کو 15 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

پولیس کے مطابق، سیما عرف نکی اگروال، جو میچ میکنگ سائٹس پرامیر مردوں کی تلاش کرتی تھی، ان سے شادی کر کے سنگین الزامات عائد کرتی اور پھر ان سے بڑی رقم وصول کرتی۔

پولیس نے بتایا کہ نکی نے اپنے شوہروں پر جھوٹے الزامات لگائے، جن میں جہیز اذیت، غیر فطری تعلقات اور تشدد جیسے الزامات شامل تھے۔

پولیس کے مطابق نکی نے 2013 میں منصوبے کے تحت میچ میکنگ سائٹس پر کے ذریعے ایک آگرہ کے کاروباری، سافٹ ویئر انجینئر اور جے پور کے تاجر سے شادی کی اور ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے۔

رپورٹ کے مطابق مرلی پورہ اسٹیشن کے پولیس افسر سنیل کمار جانگڑ نے بتایا کہ سیما نے آگرہ کے تاجر سے شادی کے بعد اس کے خلاف سنگین الزام میں ایف آئی آر درج کرائی اور اس کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے نام پر 75 لاکھ روپے وصول کیے۔

اس کے بعد سیما نکی نے پروگرام کے مطابق سافٹ ویئر انجینئر سے شادی کی اورچند دنوں بعد اس پر بھی جھوٹے الزامات لگا کر 10 لاکھ روپے وصول کیے۔ جے پور کے جیولر کے ساتھ شادی کے بعد نکی نے اس سے بھی جھگڑا کیا اور 25 سے 30 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر دہرہ دون چلی گئی۔

پولیس نے نکی کے اس فراڈ کا پردہ فاش کرنے کے لیے جے پور پولیس نے آپریشن ’لٹیری دلہن‘ شروع کیا۔ اس آپریشن کی قیادت ڈی سی پی جے پور مغرب، امت کمار نے کی، اور پولیس ٹیم کی سربراہی سنیل کمار جانگڑ اور سب انسپکٹر وسندھرا نے کی۔

اس ٹیم نے دہرہ دون جا کر نکی کو گرفتار کیا، جہاں اس نے اپنے تمام گناہوں کا اعتراف کیا۔ نکی نے پولیس تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ طلاق شدہ امیر مردوں کو نشانہ بناتی تھی۔ وہ ان سے شادی کرتی اور پھر ان پر الزام لگا کر ان سے پیسہ وصول کرتی۔

سیما نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ اپنے شوہروں سے جھگڑا کرتی اور پھر ان سے مالی فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں قانونی پیچیدگیوں میں پھنسا دیتی۔

پولیس کی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ سیما نے میچ میکنگ سائٹس پر اپنے ایسے مردوں کو تلاش کیا جو یا تو طلاق یافتہ تھے یا اپنی بیویوں کو کھو چکے تھے۔ مختلف ریاستوں میں شادی کرکے، اس نے مختلف معاملات میں تصفیہ کے طور پر کل 1.25 کروڑ جمع کیے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے بھی اس خاتون کے ساتھ اسی طرح کے فراڈ کا سامنا کیا ہو تو وہ فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔ پولیس نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لیے وہ سخت اقدامات کر رہے ہیں۔

Crime

ٰIndia