Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی برپا کرنے والا خود اسٹیبلشمنٹ کی پروڈکٹ ہے، خواجہ آصف کی الزامات سے بھرپور نیوز کانفرنس

9 مئی کو منصوبہ بندی کے ساتھ دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2024 08:38pm

وزیردفاع اور رہنما پاکستان مسلم (ن) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی برپا کرنے والا خود اسٹیبلشمنٹ کی پروڈکٹ ہے۔

لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، اور بعدازاں سانحہ 9 مئی کے ملزمان کی سزا میں رکاوٹ ڈالی گئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان افراد کی سزاؤں میں تاخیر’عدلیہ’ کی وجہ سے ہوئی، بانی پی ٹی آئی سمیت تحریک انصاف کے تمام افراد کرپشن میں ملوث ہیں۔

خواجہ آصف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کو ’مذاق رات‘ قرار دے دیا

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدلیہ کے لیے باعث شرم ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس کے ذریعے اقتدار میں لایا گیا۔

پی ٹی آئی امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتی ہے

خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت جنرل باجوہ مائنس نوازشریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے، بانی پی ٹی آئی جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ ہوگیا، اب وہ امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کراقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نوازشریف کی اجازت سے جنرل باجوہ سے ملا، اسوقت وہ مائنس نوازمنصوبے پر کام کررہے تھے، میاں نوازشریف کو مائنس کرنے کا منصوبہ پرانا تھا، اس پر عمل درآمد کر کے بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے تھے، اب کمیٹی کمیٹی شروع کردی

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن اپنے عروج پر تھی، بانی اور ان کے اہل خانہ کرپشن میں ملوث ہیں۔

جس طرح ’کارن فلیکس‘ ان کا پراڈکٹ ہے اسی طے بانی پی ٹی آئی بھی ہے

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ڈیڑھ ہفتے قبل صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے تھے، اب اتنی بے تابی ہے کہ کمیٹی کمیٹی شروع کردی، عوام باشعور ہے سمجھتی ہے کہ یہ کیوں کمیٹیاں آرہی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا نوازشریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو 5 ارب ڈالرز اپنی جیب میں ڈالتا اور قومی مفاد نہ دیکھتا، جس طرح ’کارن فلیکس‘ ان کا پراڈکٹ ہے اسی طے بانی پی ٹی آئی بھی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا شوکت خانم اسپتال کے پیسے مسقط اور فرانس میں لگائے گئے، یہ بندہ (عمران خان) بے ایمان ہے، ان کے حواریوں کو معلوم ہونا چاہیے۔

دشمن پختونخوا کی علیحدگی چاہتا ہے اور پی ٹی آئی اس سازش کی سیاسی سہولت کار ہے، خواجہ آصف

ان کا کہنا تھا کہ عدالت جاتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کے وکلا بھاگ جاتے ہیں کیونکہ میرے پاس ثبوت ہیں، تاریخ کا حصہ ہے کہ یہ شخص چور ہے۔

علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہدا کی قسم اس ملک کے دفاع کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، یہ شخص ایک طرف امریکا کو گالی دیتا ہے دوسری طرف پیر پکڑ لیتا ہے، ہم اس کے خلاف وائٹ پیپر لائیں گے۔

Khwaja Asif