سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرمان کو سزائیں سنا دی گئیں، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی 2023 میں ملوث مجرمان کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن قوم نے سیاسی طور پر بڑھکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کا مشاہدہ کیا، جو پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پرتشدد واقعات پوری قوم کے لیے ایک شدید صدمہ ہیں، اس یوم سیاہ کے بعد، تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی اور ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے، جہاں مناسب قانونی کارروائی کے بعد ان مقدمات کا ٹرائل ہوا۔ 13 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے سات رکنی آئینی بنچ نے زیر التوا مقدمات کے فیصلے سنانے کا حکم صادر کیا۔
سانحہ 9 مئی: فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت سزا پانے والوں کی تفصیلات جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں۔ یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں۔ سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے ہیں۔